پاکستان کے معروف گلوکار سجاد علی کے نئے گانے ’لگایا دل‘ کو پاکستان سمیت بھارت میں بھی خوب پذیرائی مل رہی ہے۔
مقبول بھارتی گلوکار یو یو ہنی سنگھ کو بھی اس گانے کی دھن اور لیرکس نے اپنا اسیر کرلیا اور انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار ٹوئٹر پر کیا۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’سجاد علی کا ایک اور زبردست گانا، اس گانے کی شاعری سادہ لیکن اپنے اندر بہت گہرائی رکھتی ہے اور ساتھ میں آواز تو شاندار ہے ہی‘۔
یو یو ہنی سنگھ نے گانے میں سے اپنی پسندیدہ لائن ’زندگی میں پھر ہنسا نہیں‘ بھی لکھی اور اپنے مداحوں سے کہا کہ اس گانے کو سنیں اور شیئر کریں۔
بھارتی گلوکا ر کے ٹوئٹ پر سجاد علی نے بھی یو یو سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ یہ لائن ان کی بھی پسندیدہ ہے۔واضح رہے کہ سجاد علی کا گانا لگایا دل بیحد مقبول ہوچکا ہے۔
جسے اب تک یوٹیوب پر 1,360,520ویوز مل چکے ہیں جبکہ فیس بک ٹوئٹرسمیت دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس پر لاکھوں بار شیئر کیا جا چکا ہے۔
سجاد علی کے اس گانے کی ویڈیو کی ہدایات ان کی صاحبزادی زو علی نے دی ہیں۔
ویڈیو میں نوعمری میں پروان چڑھنے والے جذبات کو دکھایا گیا ہے، جہاں ایک فریق دوسرے کی دوستی اور ہر بات شیئر کرنے کے انداز کو محبت سمجھ بیٹھتا ہے اور پھر اسے دل ٹوٹنے کا صدمہ سہنا پڑتا ہے۔