• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر کو اسرائیل بنانے کی تجویز بھارتی سفارتکار کو مہنگی پڑگئی


امریکا میں بھارتی سفارتکار کے مقبوضہ کشمیر میں اسرائیل کی طرز پر ہندوؤں کی آباد کاری کرنے کی تجویز پر تنقید کا سامنا کرنا پڑگیا۔

بھارتی سفارتکار سندیپ چکرورتی کے بیان پر دنیا بھر میں تنقید جاری ہے۔

مقبوضہ وادی میں اسی لاکھ سے زائد کشمیری مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنے کا بھارتی منصوبہ ایک بار پھر دنیا کے سامنے آگیا، امریکا میں بھارتی قونصل جنرل سندیپ چکرورتی نے کشمیر میں اسرائیلی طرز پر ہندو آباد کاروں کی بستیاں بسانے کا منصوبہ پیش کردیا۔

نیویارک میں بھارتیوں کی نجی محفل سے خطاب میں کہا کہ جب اسرائیل یہ کام کرسکتا ہے تو بھارت بھی کرسکتا ہے۔

بھارتی قونصل جنرل نے نہ صرف اسرائیلی طرز پر کشمیر میں ہندووں کو آباد کرنے کا منصوبہ پیش کیا، بلکہ مسلم اکثریتی کشمیری ثقافت کو ہندو ثقافت قراردیا۔

کشمیر پر غیر اخلاقی اور غیرقانونی قبضے کے خلاف دنیا کا ردِعمل بھی بھارتی حکام کے سینے پر مونگ دلنے لگا۔

بھارتی قونصل جنرل کی گفتگو سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں اس کی مذمت جاری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا  کہ یہ بیان بھارتی حکومت کے فسطائی، آر ایس ایس نظریات کو ظاہر کرتاہے، لیکن دنیا کشمیر میں ہونے والے ظلم پر اس لیے خاموش ہے کیونکہ طاقتور ممالک کے بھارت کے ساتھ تجارتی مفادات وابستہ ہیں۔

دوسری جانب عالمی سطح پر تنقید بڑھنے پر سندیپ چکرورتی نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین