• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی بھی گھر میںلیونگ روم کثیرمقاصد کے لیے استعمال کیا جاتاہے، یہاں ہم مہمانوں اور اہل خانہ کے ساتھ جمع ہوکر وقت گزارتے ہیں۔ گھر کا یہ وہ حصہ ہے، جہاں ہم ایک مصروفیت بھرا دن گزارنے کے بعد چند گھنٹے فرصت کے لمحات اپنے پیاروں کے ساتھ بیتاتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ کمرہ کبھی انٹرٹینٹمنٹ ایریاثابت ہوتا ہے تو کبھی مکینوں کے لیے مطالعے کی ایک خاص جگہ، غرض آپ اسے جیسے بھی استعمال کرنا چاہیں، یہ آپ کو ہر معاملے میں سہولت مہیا کرتا ہے۔ 

یہی وجہ ہے کہ لیونگ روم کی تعمیر اور تزئین وآرائش پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے تاکہ نہ صرف آپ بلکہ آنے والے مہمان بھی اس کی نفاست و خوبصورتی کے قائل ہوسکیں۔ لیونگ روم کی اہمیت کے پیش نظر، جس طرح اس کمرے کے تعمیراتی انداز، رنگ وروغن اور فرنیچر کا جدت کی عکاسی کرنا ضروری ہے، بالکل اسی طرح کمرے کے دروازوں کا انتخاب بھی ٹرینڈکو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا جانا چاہیے۔ ان دنوں متعدد فوائد کے باعث لیونگ روم کے لیے سلائیڈنگ ڈور کا انتخاب لوگوں کی پہلی پسند بنتا جارہا ہے۔ چنانچہ آج کے مضمون میں سلائیڈنگ ڈور کے مختلف انداز اور ڈیزائن قارئین کی رہنمائی کے لیے پیش ہیں، جو دوران تعمیر آپ کے لیے انتخاب کا عمل آسان بنادیں گے۔

کانٹینینٹل فریم ڈور

چھوٹے مکانات میں سلائیڈنگ ڈور کا انتخاب کم جگہوں کو کشادہ دکھانے کا باعث بنتا ہے۔ نقشہ سازی کے دوران اگر آپ لیونگ روم کو مغرب کی سمت بنانے کا ارادہ کرتے ہیں تو پھر اس کے چاروں اطراف کھڑکیاں اور دروازے بنوائے جائیں۔ اوپر کا حصہ ونڈو سلائیڈنگ جبکہ نچلا حصہ سلائیڈنگ ڈور کے لیے منتخب کیا جاسکتاہے۔ 

سلائیڈنگ ڈور کے لیے کسی اور فریم کے بجائے کانٹینینٹل فریم ڈور کا انتخاب کریں۔ فریم کے لیے بطور مواد خالص معیاری رنگ کی لکڑی کا انتخاب ضروری ہے، یہ فریم آپ کی پرائیویسی کو بھی خراب نہیں ہونے دے گا۔ دوسری جانب یہ لیونگ روم میں روشنی اور ہوا کی آمدورفت کو بھی یقینی بنائے گا۔ یہ اسٹائل بہت خوبصورت اور زیادہ فعال معلوم ہوتا ہے۔

ٹرائیو فریم ڈور

اگر آپ کا لیونگ روم سوئمنگ پول سے ملحقہ ہے تو ایسےمیں گلاس سلائیڈنگ ڈور کا انتخاب لازمی ہوجاتا ہے۔ گھر کے بیرونی حصے کی دلکشی کا اندرونی حصے میں بیٹھ کرنظارہ کرنے کے لیےسلائیڈنگ ڈور سے بہتر کچھ نہیں ہوسکتا۔ سلائیڈنگ ڈور کے لیے چونکہ فریمنگ خاص اہمیت کی حامل ہوتی ہے، ایسے میں ٹرائیو فریم ڈور اس حصے کی خوبصورتی کو چار چاند لگاسکتا ہے۔ ٹرائیو فریم ڈور 2ورٹیکل لائن میں ہوتا ہے اور ہلکے رنگوں کے بجائے گہرےرنگ کی لکڑی میں تیار کیا جاتا ہے۔ 

اس فریم کے لیے عام طور پر ٹیمپر یا ہارڈفیبرک ورک کا انتخاب کیا جاتا ہے، جو دیواروں کی خوبصورتی میں اضافہ کا باعث بنتا ہے۔ سلائیڈنگ ڈور اندرونی اور بیرونی دونوں قسم کے ہوسکتے ہیں۔ اندرونی دروازے مکمل طور پر دیوار میں نصب ہوتے ہیں جبکہ بیرونی دروازوں کے بغیر کسی رکاوٹ کے سرکنے کے لیے دو سلیٹیں لگائی جاتی ہیں۔

ڈیوT فریم ڈور

چھوٹے گھروں میںتعمیر کیے جانے والے لیونگ روم کے لیے ڈیو T اسٹائل (Duo-T) فریم ڈور بہترین ہوتے ہیں۔ یہ فریم اوپری اور نچلی جانب سے 2ہوریزونٹل (افقی) جبکہ درمیان میں ایک ورٹیکل (عمودی) بارڈر لائن کے ساتھ بنوائے جاتے ہیں، جو سادہ سے سلائیڈنگ ڈور کو بھی خوبصورتی عطا کرتے ہیں۔ ان کے اوپر یا اطراف میں ہلکا ڈیزائن بھی بنوایا جاسکتا ہے، جو ان کو جاذب نظر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔

سولو فریم ڈور

چونکہ مشر ق میںزیادہ تر مغربی دنیا کے تعمیراتی ٹرینڈز پر ہی عمل کیا جاتا ہے، لہٰذا قارئین کے لیے لندن میں بنائے جانے والے لیونگ روم سلائیڈنگ ڈور کا ذکر کرتے چلیں۔ اگر آپ کا لیونگ روم کشادہ ہے تو آپ اس کے لیے سولو فریم سلائیڈنگ ڈور کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ یہ دروازہ عام طور پر سادہ ہوتا ہے، جس کو بناتے وقت صرف باؤنڈری فریم ہی ترتیب دیا جاتا ہے اور پھر اس میں شیشے نصب کیے جاتے ہیں۔ 

مغرب میں چونکہ ہوم ڈیزائننگ کے لیے سادہ اور منیملسٹ اسٹا ئل ٹرینڈ کا حصہ ہیں، لہٰذا آپ بھی اپنے لیونگ روم کے لیے کم فرنیچر کے ساتھ وائٹ اور بلیک کلر اسکیم کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ یہی کلر اسکیم آپ کے سلائیڈنگ ڈور پر بھی واضح ہوگی ۔

پینٹاگون فریم ڈور

رواں برس آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں لیونگ روم کے لیے ’’پینٹاگون فریم سلائیڈنگ ڈور‘‘ ٹرینڈ کا حصہ رہے ہیں۔ عام طور پر تعمیراتی ماہرین اس فریم ڈور کو سمندر کے کنارے تعمیر کیے جانے والے مکانات میںزیادہ استعمال کرتے ہیں۔ تاہم، اگر آپ کے لیونگ روم کی دیواریں بھی عام دیواروں کے برعکس ذرا اونچی ہیں تو آپ بھی پینٹاگون فریم ڈور کا انتخاب بآسانی کرسکتے ہیں۔ 

عموماً پینٹاگون فریم ڈور گہرے رنگ کے فریم میں ہوریزونٹل بارڈر کے ساتھ تیار کیے جاتے ہیں۔ پینٹاگون فریم ڈور بھی ٹرائیو فریم اسٹائل سے قدرے مشترک ہے لیکن اس اسٹائل میں بارڈر لائن ٹرائیو ڈور کے برعکس زیادہ تعداد میں ڈیزائن کی جاتی ہیں۔

تازہ ترین