قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے 3 نام بھجوا دیئے ہیں۔
شہبازشریف کی جانب سے لکھے گئے خط میں چیف الیکشن کمشنر کے لیے ناصر محمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام بھجوائے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ یہ شخصیات چیف الیکشن کمشنر کے منصب کے لیے مناسب اور اہل ہیں۔
انہوں نے وزیر اعظم کو خط میں لکھا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کرنے کے لیے یہ 3 نام زیر غور لائے جائیں، امید ہے آپ کی طرف سے جلد جواب ملے گا۔
شہبازشریف نے خط میں بتایا ہے کہ 6 دسمبر کو چیف الیکشن کمشنر کی 5 سال کی آئینی مدت مکمل ہو رہی ہے اور الیکشن کمیشن کے 2 ارکان کے منصب بھی تاحال خالی ہیں۔
انہوں نے خط میں بتایا کہ الیکشن ایکٹ کےتحت الیکشن کمیشن کا بینچ کم ازکم 3ارکان پر مشتمل ہونا چاہیے۔
شہباز شریف نے لکھا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور ایک یا ایک سے زائد ارکان کا تقرر نہ ہوا تو الیکشن کمیشن غیر فعال ہوجائے گا لہذا وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کریں۔