• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام کی تبلیغ کیلئے مساجد کو فعال اور نوجوان نسل کو تیار کرنا ہوگا، صاحبزادہ عمران ابدالی

برمنگھم (ابرارمغل) نامور انگلش اسکالر اور آستانہ عالیہ ابدالیہ احسن ابدال کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیرمحمد عمران ابدالی نے کہا ہے کہ مغرب میں اسلام کی اشاعت اور تبلیغ کیلئے ہمیں اپنے مراکز اورمساجد کو فعال کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو تیار کرنا ہوگا۔ یورپ میں مسلمانوں کو درپیش جدید چیلنجز اور بڑھتی انتہاپسندی کے سدباب کیلئے مسلم نوجوان نسل ہی بہتر انداز میں کردار ادا کرسکتی ہے نوجوان نسل کی اسلامی تعلیم و تربیت کیلئے والدین بھی اپنا کردار ادا کریں تاکہ دین اسلام کی تعلیمات سے منور نوجوان نسل مغرب میں ہمارے کام اور مشن کو آگے بڑھا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ اسلامک ایجوکیشن سنٹر ہیولک روڈ آلم راک میں صاحبزادہ پیرمحمد شعیب چشتی کی صدارت میں منعقدہ سالانہ عظیم الشان تاجدار ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس کانفرنس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس سے علامہ حافظ فاروق چشتی، علامہ قاری طیب ہزاروی، پیرسید ارشد گیلانی، علامہ محمد رفیق چشتی سیالوی، علامہ قاری حفیظ الرحمٰن سمیت مقامی نوجوان انگلش علماء اکرام کی کثیر تعداد نے بھی خطاب کیا۔ نبی کریم ؐکی شان و عظمت اور عقیدہ ختم نبوت پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں عملی نمونہ بن کر اس معاشرے کو بتانا ہوگا کہ دین اسلام امن و محبت کا داعی اور پیارے نبی پوری کائنات کیلئے رحمت اللعالمین ہیں صاحبزادہ پیر محمد عمران ابدالی نے مزید کہا کہ اس وقت ہمیں بے شمار مسائل دوچار ہیں۔ اسلام دشمن قوتیں مختلف حربے استعمال کرکے ہماری نوجوان نسل اشتعال انگیزی پر ابھار رہی ہیں لیکن ہمیں ہر صورت صبروبرداشت کا دامن پکڑ کر نبی کریم کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا انہوں نے کہا بڑھتے اسلاموفوبیا اور اسلام دشمن سرگرمیوں کے باوجود بھی ہمیں مقامی قوانین کا حترام کرتے ہوئے سنت رسول کو اپنا کر بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر مختلف ثناہ خوانوں نے اپنے اپنے انداز میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ صاحبزادہ پیرمحمد شعیب چشتی نے صدارتی کلمات ادا کرتے ہوئے محفل کے شرکاء، مہمان علماء دین اور مشائخین کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں درودوسلام کا نذرانہ بھی پیش کیا گیا جبکہ اس موقع پر امت مسلمہ کی ترقی و خوشحالی اور تمام مسلم مقبوضہ علاقوں کی آزادی کیلئے خصوصی طور پر دعا بھی کروائی گئی۔

تازہ ترین