• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تحریر:سیّد اقبال حیدر۔ ۔فرینکفرٹ
 دنیا بھر میں ماحولیاتی آلودگی کے نتیجے میں خطرناک نتائج سے آگاہی کے لئے سیمینار اور مظاہرے کئے گئے اس سلسلے میں جرمنی کے519 چھوٹے بڑے شہروں میں 630.000 افراد سٹرکوں پر نکلے۔ ڈاکٹرز،پروفیسر،دانشوروں کے علاوہ عام شہر یوں نے پُرامن انداز میں نعروں،تقاریر کے ذریعے ریاست کے ذمہ داروں کی توجہ ماحولیاتی آلودگی کے نتیجے میں ہونے والے سنگین تباہ کن نتائج کی طرف دلائی۔فرینکفرٹ میں نکلنے والے جلوس میں9.000 افراد نے شرکت کی موسمی تبدیلیوں پر کام کرنے والے فرینکفرٹ میں جرمن تحقیقی ادارے ’’زینکن برگ ریسرچ سینٹر‘‘ کے ذمہ دار پاکستان نژاد سائنسدان ڈاکٹر طاہر علی کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں سے سمندر اور منجمد خطوں بشمول قراقرم گلیشیئر کو جتنا نقصان آج ہو رہا ہے اتنا کبھی پہلے نہیں ہوا،دنیا بھر کے سائنسدان فضا میں کاربن ڈائی اکسائیڈ اور دوسری خطرناک گیسوں کے اخراج میں فوری کمی لانے پر زور دے رہے ہیں،باالخصوص پاکستان کے شمالی علاقوں میں زیادہ تر ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھوئیں میں بڑی مقدار میں بلیک کاربن کے انتہائی باریک ذرات موجود ہوتے ہیں جو نشیب میں جاکر گلیشیئر کے دامن میں جمع ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے برف میں سورج کی روشنی کو منعکس کرنے کا عمل متاثر ہوتا ہے جس کے نتیجے میں برف کے ذخائرسورج کی روشنی کو زیادہ جذب کرنے لگتے ہیں اور گلیشیئرز کے پگھلنے کا عمل غیرمعمولی طور پر تیز ہو جاتا ہے،پاکستان میں بہنے والے دریائوں کا پانی انہی گلیشیئرز سے حاصل ہوتا ہے۔آج تیزی سے پاکستان کے شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کی صورت میں موجود میٹھے پانی کے ذخائر میں دن بدن کمی آ رہی ،گرمی کی لہرمیں اضافہ مستقبل میں ہمار ملک کو بدترین خشک سالی سے دوچار کرنے جا رہا ہے۔ موجودہ حکومت پچھلے کچھ سال سے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے مگر یہ ناکافی ہے لاہور ،کراچی اور دیگر شہروں میں سموک کے خطرناک اثرات نے شہروں اور گردونواح میں بسنے والے شہریوں کی زندگی دوبھر کر دی ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ٹی وی شوز سے نکل کر حکومتی ذمہ داران عملی اقدامات کریں، ملک میں نئے درختوں اور جنگلات کی تعداد میں اضافہ ہنگامی بنیادوں پر کرنا انتہائی ضروری ہے،پلاسٹک بیگوں کی جگہ سوتی بیگ متعارف کرائے جائیں،جگہ جگہ کوڑا کرکٹ جلانے کے خلاف سخت اقدامات ہوں،سمندر میں کوڑاکرکٹ اور کیمیکل پھینکنے والوں کے لئے سخت سزائیں تجویز ہوں ماحولیاتی تبدیلی عالمی چیلنج ہے اس لئے ہمارے ملک میں ہی نہیں دنیا بھر میں زمینی سطح پر فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لئے سخت اقدامات کرنا ضروری ہیں۔
تازہ ترین