• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کی قومی سیاست میں اہم انقلابی تبدیلیاں

اسلام آباد (حنیف خالد)جماعت اسلامی قومی سیاست میں اہم رول ادا کریگی۔ مرکزی سطح پر یہ فیصلہ ہو گیا ہے کہ آئندہ پاکستان کی سیاست میں جماعت اسلامی نہ کسی کی بیساکھی کے سہارے چلے گی اور نہ کسی کیلئے بیساکھی بن کر کام کریگی۔ یہ اپنا قومی تشخص منوائے گی اس کیلئے ملک بھر میں عوام کی حمایت سے بڑی بڑی ریلیاں منعقد کرینگے۔ 22دسمبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں جماعت کی تاریخ ساز ریلی ہو گی۔ ہم پاکستان کی سلامتی‘ استحکام‘ قومی یکجہتی اور اداروں کو آئینی حدودو قیود میں رہ کر کام کرنے کے حامی ہیں اور ان کا پورا ساتھ دینگے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر میاں محمد اسلم نے جنگ آفس میں ایک انٹرویو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی چوک میں جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی ریلی کا اجازت نامہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے انشاء اللہ حاصل کرینگے۔ اُن سے انکی اس حوالے سے گفتگو ہو چکی ہے۔ میاں محمد اسلم نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان نے بتایا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹر سراج الحق‘ نئے سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور لیاقت بلوچ سمیت چاروں صوبوں سے جماعت اسلامی کے مرکزی عہدیداران بڑے بڑے جلوسوں کی شکل میں ڈی چوک پہنچیں گے۔ جماعت اسلامی ایک پرامن سیاسی جماعت ہے‘ اس کا نصب العین صرف اور صرف پاکستانی عوام کی ترقی‘ خوشحالی‘ بہتری ہے۔
تازہ ترین