• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھ اور مسلمان کمیونٹی کے ثقافتی رشتے ہیں، کرتارپور بارڈر کھولنے پر پاکستانی قیادت مبارکباد کی مستحق ہے، کنزرویٹو امیدوار نریندر سنگھ سکھیون

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) الیکشن کے دن قریب آتے ہی امیدواروں کی انتخابی سرگرمیاں بھی اپنے عروج پر ہیں۔ بریڈفورڈ ساوتھ سے کنزرویٹو پارٹی کے امیدوارنریند سنگھ سیکھون نے اپنی الیکشن مہم کےدوران کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے آباو اجداد جب اس ملک میں آئے تو ایک طرف تو انہیں روزی روٹی کمانے کی فکر لاحق تھی اور دوسری طرف اپنی الگ شناخت قائم رکھنا ان کے لیے ایک چیلنج تھا اپنے مذہب اور اپنے کلچر کو قائم ودائم رکھنے کیلئے انہیں بےشمار مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت بدل چکاہے لیکن ایشیائی کمیونٹی کے اصلی مسائل سے آگاہی اور ان کو حل کرنے کا جذبہ ایک ایشیائی نمائندہ ہی رکھتا ہے۔ انہوں نے کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ انہیں ووٹ دیکر کامیاب بنائیں اور وہ کمیونٹی کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے کرتار پور بارڈر کھولنے پر پاکستان کی لیڈرشپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے سکھ کمیونٹی اور مسلمانوں کے درمیان باہمی ہم آہنگی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اگر کھلے دل سے آگے بڑھیں تو تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں مسئلۂ کشمیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، بین الاقوامی مسائل اپنی جگہ لیکن یہاں برطانیہ میں بلخصوص بریڈ فورڈ میں لوگوں کا معیار زندگی بدلنے کے لیے تبدیلی کی ضرورت ہے سالہا سال سے لیبر پارٹی بریڈفورڈ کے عوام کو ڈلیورنہیں کر سکی ایشیائی کمیونٹی کے مسائل ایشیائی ہی سمجھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھ اور مسلمان کمیونٹی کے ثقافتی رشتے یکساں ہیں ہمیں مل کر اس شہر کی حالت زار کو بدلنا ہوگا انہوں نے موجودہ الیکشن کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب کی نظریں بریگزٹ پر ہیں کنزرویٹو پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو بریگزٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی اور عوام میں خوشحالی لائے گی نریندر سنگھ کے والد اور معروف کاروباری شخصیت نرمل سنگھ ایم بی ای نےاس موقع پر کہا کہ وہ اس بات کی خوشی ہے کہ ایشیائی کمیونٹی سے پڑھے لکھے نوجوان آگے آرہے ہیں ۔ یہی کمیونٹی کے مسائل سے آگاہ ہیں اور ووٹ کے اصل حقدار بھی۔ معروف قانون دان سمی سنگھ نے بھی اپنے خطاب میں کہا کہ کمیونٹی جن مشکلات کا شکار ہے اسکے حل کیلئے نوجوان ایشیائی قیادت کا سامنے آنا خوش آئند ہے بریڈفورڈ ساؤتھ سے لیبر پارٹی کی جیوڈتھ کامنز اپنی نشست کا دفاع کر رہی ہیں جبکہ اس حلقے سے لبرل ڈیموکریٹس کے ایلن گرفتھس،بریگزٹ پارٹی کے کلوندر سنگھ مانک اور گرین پارٹی کی جانب سے میتھیو ایڈورڈز بھی میدان میں ہیں بریڈفورڈ ویسٹ سے کنزرویٹو پارٹی کے امیدوار محمد افضل کی انتخابی سرگرمیاں بھی عروج پر ہیں ۔انکا کہنا ہے کہ ایشیائی کمیونٹی کے نمائندگی پارلیمنٹ میں بہت ضروری ہے اس لیئے ایشیائی کمیونٹی کو چایئے کہ وہ اپنے امیدواروں کو کامیاب کر کے حکومتی بینچوں پر بھیجیں اور صرف ایک پارٹی پر ہی انحصار نہ کریں ۔بلکہ تبدیلی لائیں ۔انہوں نے کہا کہ بریڈفورڈ ویسٹ کی حالت زار اس بات کی غمازی ہے کہ حلقے کی نمائندگی کرنے والوں میں کوئی اہلیت نہیں بارہ دسمبر کے ووٹ کے ذریعے تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے انہوں نے لندن دہشت گردی کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں سابق شیڈووزیر ناز شاہ نے بھی لندن دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے اسے سیکیورٹی اداروں میں فورس کی کمی کی وجہ سے ناکامی قرار دیا ملک میں کٹوتیوں سے پولیس فورس میں کمی کی وجہ سے ایسے واقعات رونما ہو رہے ہیں ناز شاہ نے کہا کہ لیبر پارٹی برسراقتدار آکر عوام کو ہر طرح کا تحفظ فراہم کرے گی اور ملک کو معاشی بحران سے نکالے گی سابق کونسلر ریاض نے کہا کہ کنزرویٹو پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جس کو ملک چلانے کی اہلیت ہے لیبر پارٹی عوام کو بھکاری بنا رہی ہے جبکہ کنزرویٹو پارٹی لوگوں کو محنت اور جدوجہد کی ترغیب دیتی ہے انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ لیڈز اور بریڈفورڈ ترقی کے لحاظ سے ساتھ ساتھ تھے اب لیڈز کہیں آگے نکل گیا اور بریڈفورڈ کی حالت زار ناگفتہ بہ ہو چکی ہے جو کہ بریڈفورڈ کی لیڈر شپ کی ناکامی ہے برطانیہ کہ باقی حلقے ہیں جہاں لیبر پارٹی کی نمائندگی ہے ان حلقوں اور بریڈفورڈ کا موازنہ کیا جائے تو زمین آسمان کا فرق ہے وقت کا تقاضا ہے کہ بارہ دسمبر کنزرویٹو امیدواروں کو کامیاب کیا جائے انہوں نے کہا کہ کنزرویٹو پارٹی نے صحت تعلیم اور پولیس فورس میں اضافے کے لیے اضافی فنڈنگ کے علاوہ ملک کے لیے انقلابی پروگرام دیا ہے جو ملک کو ایک بار پھر عروج پر لے جائے گا انتخابی مہم میں فضل حسین ایم بی ای نے بھی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

تازہ ترین