• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تہاڑ جیل میں قید راجپال یادیو کی اہلیہ بالی ووڈ کی شکرگزار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارت اداکار و کامیڈین راجپال یادیو کی اہلیہ رادھا یادو نے بالی ووڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلمی صنعت کے کئی بڑے نام ان کے شوہر کی مدد کیلئے آگے آئے ہیں۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب راجپال یادیو چیک باؤنس کیسز میں دہلی کی تہاڑ جیل حکام کے سامنے سرنڈر کر چکے ہیں اور شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

رادھا نے بھارتی نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’سب نے ان کا ساتھ دیا ہے، انڈسٹری نے بھرپور تعاون کیا ہے، ہم سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو مدد کے لیے آگے آئے ہیں۔‘

کیس کی تفصیلات

راجپال یادیو کو اس وقت جیل بھیجا گیا جب دہلی ہائی کورٹ نے ان کی درخواست مسترد کر دی جس میں انہوں نے واجب الادا رقم ادا کرنے کے لیے مزید وقت مانگا تھا۔ اداکار کو تقریباً 9 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یادیو کو 7 مقدمات میں ہر ایک میں 1.35 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں اور رجسٹرار جنرل کے پاس جمع شدہ رقم شکایت کنندہ کو منتقل کرنے کا حکم دیا۔

یہ معاملہ 2010 کا ہے جب راجپال نے اپنی پہلی فلم "اتا پتا لاپتا" کے لیے ایم/ایس مرلی پراجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ سے 5 کروڑ روپے قرض لیا تھا لیکن فلم باکس آفس پر ناکام ہوگئی۔

راجپال کی کس نے مدد کی؟

رپورٹس کے مطابق سلمان خان، اجے دیوگن، ورون دھون اور فلم ساز ڈیوڈ دھون نے راجپال یادیو کو مالی مدد کی پیشکش کی۔ ان کے مینیجر گولڈی جین نے بتایا کہ بڑے اداکاروں سے لے کر ہدایت کاروں اور پروڈیوسرز تک سب نے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

اداکار سونو سود انڈسٹری سے سب سے پہلے ان کی مدد کے لیے آگے آئے۔ انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ راجپال کو اپنی فلم میں کاسٹ کر رہے ہیں اور اس کا ایڈوانس سائننگ اماؤنٹ انہیں دے رہے ہیں۔

راجپال یادیو کا فلمی کیریئر

راجپال یادیو اپنی کامیڈی اور منفرد اداکاری کے باعث مشہور ہیں۔ وہ مجھ سے شادی کروگی، وقت، پھر ہیرا پھیری، پارٹنر، بھول بھلیاں، ہنگامہ اور چپ چپ کے جیسی کئی کامیاب فلموں میں نظر آ چکے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید