• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا خودمختار AI کی جانب بڑا قدم، ڈیفینٹی سے معاہدہ، امریکی میڈیا

کراچی (رفیق مانگٹ )پاکستان نے مصنوعی ذہانت کے میدان میں خودمختاری حاصل کرنے کی سمت ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے مغربی کلاؤڈ ہائپر اسکیلرز پر انحصار کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی نیوز سائیٹ Axios کی خصوصی رپورٹ کے مطابق حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے جن کے ذریعے پاکستانی کاروباری افراد اے آئی نیٹو ایپلی کیشنز تیار کر سکیں گے جبکہ حساس ڈیٹا قومی نیٹ ورکس کے اندر محفوظ رکھا جائے گا اور غیر ملکی رسائی سے دور رہے گا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی نے سوئٹزرلینڈ میں قائم ڈیفینٹی فاؤنڈیشن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت ڈیفینٹی کا کیفین پلیٹ فارم پاکستان میں دستیاب ہوگا، جو قدرتی زبان کے پرامپٹس کے ذریعے سافٹ ویئر ایپلی کیشنز بنانے کی سہولت دیتا ہے اور روایتی کوڈنگ مہارت کی ضرورت کو نمایاں طور پر کم کرتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملک کی بڑی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی کاروباری آبادی کو مقامی سطح پر اے آئی ایپلی کیشنز تیار کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس شراکت داری کو عملی شکل دینے کے لیے پاکستان ڈیفینٹی کے ʼانٹرنیٹ کمپیوٹر نیٹ ورکʼپر اپنا مخصوص سب نیٹ قائم کر رہا ہے، بجائے اس کے کہ وہ ایمازون ویب سروسز یا گوگل کلاؤڈ جیسی مرکزی سروسز پر انحصار کرے۔

اہم خبریں سے مزید