• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

شاہدخاقان، مفتاح کے خلاف ریفرنس، احتساب عدالت کے اعتراضات، دوبارہ دائر کرنے کاحکم

شاہدخاقان، مفتاح کے خلاف ریفرنس، احتساب عدالت کے اعتراضات


اسلام آباد (نمائندہ جنگ) نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور دیگر کیخلاف ایل این جی ریفرنس دستاویزات کی ترتیب اور ریفرنس پر نمبرنگ درست نہ ہونے کے باعث رجسٹرار آفس نے اعتراضات کیساتھ واپس کرتے ہوئے نیب کو ہدایت کی کہ اعتراضات ختم کرکے ریفرنس دوبارہ جمع کرایا جائے جبکہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کیخلاف سماعت16 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

دوران سماعت شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بتایا جائے ریفرنس میں الزامات کیا ہیں، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ بہت سے الزامات ہیں ابھی بتانے کی اسٹیج نہیں آئی، چیئرمین نیب نے ریفرنس پر دستخط کر دئیے آج دائر کریں گے۔ 

منگل کو سابق وزیر اعظم اور سابق وزیر خزانہ کو سخت سکیورٹی میں عدالت لایا گیا، سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق شیخ بھی پیش ہوئے۔ سماعت شروع ہونے پر نیب کی طرف سے پیشرفت رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔

سابق وزیر اعظم کے وکیل نے کہا کہ ایک سو سے زائد دن گزرگئے ہیں لیکن ابھی تک ریفرنس دائر نہیں کیا جاسکا جس پر عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ نیب نے کیس میں ریفرنس دائرکرنا تھا۔ 

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ چیئرمین نیب نے ریفرنس پر دستخط کر دئیے ہیں، آج دائر کریں گے۔

تازہ ترین