انٹیریئر ڈیزائننگ کے حوالے سے ہر کسی کا اپنا اپنا ذوق ہوتا ہے، تاہم آپ کی معلومات کیلئے بتاتے چلیں کہ ان دنوں ’’کوسٹل انٹیریئر ڈیزائننگ‘‘ دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہوتا ہوا آرائشی ٹرینڈ ہے۔ چونکہ مہنگائی کے اس دور میں ہر انسان کے لیے’ بیچ ہاؤس‘ بنانے کے خواب کی تعبیر پانا خاصا مشکل ہے، ایسے میں کوسٹل ڈیزائننگ آپ کے موجودہ گھر کو ہی بیچ ہاؤس لک دینے میں کامیاب ثابت ہوسکتی ہے۔
اس ٹرینڈکے تحت، انٹیریئر ڈیزائننگ کیلئے ہلکے اور پرسکون رنگوں(خاص طور پر نیلے رنگ) یا پھر سادہ لیکن پُرکشش ڈیکوریشن پیسز کا انتخاب کیا جاتا ہے تاکہ گھر ساحل سمندر جیسا پرسکون اور قدرتی ماحول فراہم کرے۔ یہ سجاوٹ قدرتی مناظر کے دلدادہ افراد کیلئے بہترین ہوتی ہے۔ اگر آپ بھی کچھ ایسا ہی ذوق رکھتے ہیں تو آپ کو گھر میں ساحل سمندر جیسا ماحول تخلیق کرنے کے لیے ذیل میں درج تبدیلیاں لانا ہوں گی۔
ہلکے اور مترنم رنگوں کا انتخاب
نفسیاتی ماہرین کے مطابق انسانی نفسیات کا رنگوں سے گہرا تعلق ہوتا ہے۔ رنگ انسانی زندگی میں مختلف طریقوں سے مزاج اور رویوں پر اثر اندازہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ نہ صرف ملبوسات بلکہ آپ کے بیڈروم حتیٰ کہ پورے گھر میں کیا گیا رنگ وروغن آپ کی شخصیت پر مختلف اثرات مرتب کرتاہے۔ گھر میں ساحل سمندر جیسا ماحول تخلیق کرنے کا پہلا اور سب سے آسا ن مرحلہ ہلکے اور مترنم رنگوں کا انتخاب ہے، مثلاً اپنے گھر کے لیےایسے رنگوں (پیسٹل کلرز)کا انتخاب کیجیے جو گھر کے داخلی حصے میں سینکڑوں میل کے فاصلے پر کھڑے سمندر جیسا ماحول تخلیق کرسکے۔
تیز، شوخ اور گہرے رنگوں کے بجائے ہلکے اور سوفٹ کلرز (جو رنگ آپ کو ساحل سمندر پر نظر آتے ہوں) کا انتخاب کیجیے مثلاً لیونگ کورل، سوفٹ گرے اور آف وائٹ وغیرہ۔ بیڈروم کی تین دیواروں کے لیے آف وائٹ جبکہ بیک ڈراپ یا مرکزی دیوار کے لیے گرے رنگ کا انتخاب کیا جاسکتاہے۔ یہ دونوں رنگ پرسکو ن اور آرام دہ ماحول تخلیق کرنے کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔ کوسٹل انٹیریئر ڈیزائننگ کے لیے لیونگ روم یا بیڈروم میں ہلکے اور خوبصورت بیچ اسٹائل وال پیپرز کابھی اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ یہ وال پیپرز بھی ساحل سمندر جیسا احساس پیدا کرتے ہیں۔
پُرکشش لے آؤٹ
وہ دن گئے، جب نقشہ سازی کے دوران آرکیٹیکچر خاصے بھاری بھر کم فرنیچر یا ڈیزائننگ ٹرینڈ کا انتخاب کرتے تھے۔ نئے برس کےلیے انٹیریئر ماہرین کی جانب سے منیملسٹ ڈ یزائننگ متعارف کروائی گئی ہے یعنی ایک ایسی جگہ جو چھوٹی ہونے کے باوجودآرائشی ٹرینڈز کو فالو کرنے سے کھلی کھلی اور کشادہ محسوس ہو۔ اس ڈیزائننگ کا پس منظر بھی ’’کوسٹل ڈیزائننگ‘‘ سے ملتا جلتا ہے۔
آپ کا بیڈروم ہو، لیونگ روم یا پھر ڈائننگ روم، ان حصوں کی ڈیزائننگ کے لیے فرنیچر کے نام پر صرف ان چیزوں کا اضافہ کریں جو بے حد ضروری اور ٹرینڈ کے عین مطابق ہوں،مثلاًبیڈروم فرنیچر کے لیے صرف بیڈ،ڈریسنگ ٹیبل اور الماری ، ڈائننگ روم کےلیے ایک بڑی ڈائننگ ٹیبل رکھنے کے بجائے ضرورت کے مطابق ڈائننگ ٹیبل کے سائز کا انتخاب وغیرہ۔ دوسری جانب فرنیچر کے لیے مواد کا انتخاب چاہے جو بھی ہو لیکن یہ ہلکا اور سادہ ہونا چاہیے۔ اسی طرح فرنیچر کے لوازمات مثلاً کشن کورز،صوفہ کور اور ٹیبل کور کا انتخاب کوسٹل ڈیزائن کے مطابق کیجیے۔
روایت اور جدت کا ملا جلا تاثر
ماڈرن کوسٹل ڈیزائننگ روایت اور جدت کادلکش انداز پیش کرتی ہے۔ آپ بھی گھر کے مختلف حصوں میں روایتی انداز کے ساتھ ساتھ جدید طرز سجاوٹ کو بھی شامل کرسکتے ہیں ۔مثلاً باتھ روم میں ہلکے رنگ کے ٹائلز کا انتخاب جہاں بیچ لک کی جانب اشارہ کرے گا، وہیں آرائشی لیمپ اور ہلکے نیلگوں رنگ کے شیشے کا دروازہ ایک جدید طرز سجاوٹ فراہم کریں گے۔
ٹیکسچرکلرز
کوسٹل ڈیزائننگ کے لیے جہاں ہلکے اور پرسکون رنگوں کا انتخاب مفید تصور کیا جاتا ہے، وہیں اس ڈیزائننگ کے لیےاگر ٹیکسچر کلرز کا انتخاب عقلمندانہ انداز میں نہ کیا جائے تو گھر کا انٹیریئر سادہ سامحسوس ہونے لگتا ہے۔ اس سادگی کو جمالیاتی ذوق کے ذریعے خوبصورت اور پُرکشش انداز میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ مثلاً فرنیچر لوازمات کے لیےایک کے بجائے مختلف ٹیکسچرز کا انتخاب کیجیے۔ مضمون میں دی گئی تصویر میں موجود ٹیکسچر کا بھی انتخاب کیا جاسکتا ہے۔
اس تصویر میں ہلکے رنگ وروغن کے ساتھ کمرے میں بیڈشیٹ، کشن کورز اور صوفہ کورز کے لیے ہلکے نیلے اور ہلکے بھورے رنگ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یہ رنگ کمرے میں قدرتی دلکشی کا تاثر دینے کے لیے مثالی ہیں۔ آپ گھر کے مختلف حصوں میں بیک ڈراپ، رگس، آتش دان وغیرہ کے لیے بھی نیلے رنگ کا انتخاب کرسکتے ہیں۔