• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

آسٹریلیا میں شکست سے وقار کو ٹھیس پہنچی، اظہر علی، کپتانی سے ہٹائے جانے کا خوف نہیں

آسٹریلیا میں پاکستان کی کارکردگی مایوس کن رہی، کپتان اظہر علی


   کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں پاکستان کی کارکردگی مایوس کن رہی جس کا اعتراف کرتا ہوں، شکست کی کوئی معافی نہیں ہے، اس طرح ناکامی نے ہمارے وقار کو ٹھیس پہنچائی۔ دورہ آسٹریلیا کے دوران فارم اور قسمت دونوں نے ساتھ نہیں دیا، مجھے کپتانی سے ہٹائے جانے کا کوئی خوف نہیں، تمام تر توجہ سری لنکا کے خلاف پاکستان میں ہونے والی ہوم سیریز پر مرکوز ہے۔ اپنے پلان کو مکمل طور پر لاگو کرنے کی کوشش کروں گا، آ سٹریلیا کے دورہ سے وطن واپسی پر جمعے کو قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی پوری تیاری کے ساتھ گئے تھے ، نوجوان بولنگ اٹیک کو موقع دیا لیکن وہ پرفارم نہیں کرسکے، ہمارے بیٹنگ آرڈر نے بھی اچھا پرفارم نہیں کیا، نئے بولنگ اٹیک کا انتخاب کیا لیکن اچھا کھیل پیش نہ کر سکے، ہم نے اچھی تیاری کی تھی لیکن بدقسمتی سے نتیجہ نہیں دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں نوجوان کھلاڑی شامل تھے، بولرز وکٹ نہیں لے سکے جس کا نقصان ہوا لیکن ہم نے اس ٹور سے کچھ مثبت چیزیں بھی سیکھیں۔ بابر اعظم نے بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، نوجوان کھلاڑی اچھے ہیں جو پاکستان کا مستقبل ہیں۔ اظہر علی نے کہا مجھے خود بھی احساس ہے کہ میں رنز نہیں کر رہا، بولرز جب کام نہیں کرتے تو آل راؤنڈرز یا پارٹ ٹائم بولر سے کام چلانا پڑتا ہے۔ ہم صرف یاسر شاہ یا شاہین شاہ آفریدی پر انحصار نہیں کر سکتے، کرکٹ نیشن کے لیے ایسی شکست کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارم اور قسمت کی بات ہے دورہ آسٹریلیا میں دونوں نے ساتھ نہیں دیا ، کپتان بننے کے بعد نئی سوچ کے ساتھ میدان میں اترا ، پرفارم نہ کرنے پر کوئی ٹیم میں نہیں رہتا، چاہے وہ کپتان ہو یا کھلاڑی ،ٹیم کی بہترین پرفارمنس کے لیے خوف کے عنصر سے نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ دس سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان ہے ٹیسٹ کرکٹ بحال ہورہی ہے ،دورہ سری لنکا کے لیے سلیکشن کے حوالے سے مشاورت ہو چکی ہے ، سری لنکا کے خلاف ہفتے کو ٹیم کا اعلان چیف سلیکٹر کریں گے۔ اظہر علی نے کہا کہ انگلینڈ میں رہائش اختیار کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، تین سال سے بیٹا برطانیہ میں تھا اس کو بھی واپس بلا لیا، میرا سب کچھ پاکستان ہی ہے۔

تازہ ترین