کہتے ہیں کہ انسان کا بیڈروم اس کی شخصیت کا آئینہ دار ہوتا ہے کیونکہ یہی وہ جگہ ہے جہاں ہم دن کا سب سے زیادہ وقت گزارتےہیں۔ کیا آپ جاننا چاہیں گے کہ آپ کی پسندیدہ سیلیبرٹیز اپنے دن کا زیادہ تر وقت جن بیڈرومزمیں گزارتی ہیں، وہ کس طرز پر تعمیر کیے گئے ہیں، ان کی تھیم اور اسٹائل کیا ہے؟ ہم سیلیبرٹیز ہومز پر تو اکثر بات کرتے ہیں لیکن آج ہم سیلیبرٹیز کے صرف بیڈروم اسٹائل پر بات کرنے جارہے ہیں، جو آپ کے ہی نہیں ہم سب کے پسندیدہ ہیں۔ ان کی شخصیت تو مسحور کن ہے ہی، اب دیکھنا یہ ہے کہ کیاان کے بیڈروم اسٹائل بھی آپ کو متاثر کرپاتے ہیں یا نہیں!
میتھیو پیری کینیڈین اسٹار اور رائٹر میتھیو پیری لاس اینجلس کےایک خوبصورت پینٹ ہاؤس میں مقیم ہیں، جو انھوں نے 15ملین پاؤنڈ میں خریدا تھا ۔ یہ پینٹ ہاؤس لاس اینجلس کی مشہور عمارت کے آٹھویں فلور پر موجود ہے، جہاں سے امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کےسب سے بڑے اور ریاست ہائے متحدہ امریکا کے دوسرے سب سے بڑے شہر کا مکمل نظارہ کیا جاسکتا ہے۔
بیڈروم میں ہلکا مگر چمکتا ہوا سفید رنگ وروغن، دیواروں کے علاوہ گول طرز پر بنی کمرے کی چھت کے لیے بھی منتخب کیا گیا ہے جبکہ اس کے فرش کے لیے لکڑی سے بنے مضبوط فرش کا انتخاب ایک خوبصورت ملاپ کا باعث بنتا ہے۔ بیڈروم کے مرکز میںماسٹر سائز بیڈ رکھا گیا ہے اور وہ بھی سفیدرنگ کا ہے۔ سفید کے ساتھ ہلکے سرمئی رنگ کااستعمال اس کمرے کو خوبصورتی فراہم کررہا ہے۔ بیڈ کے بالکل سامنے چھت سے فرش تک بنی کھڑکیاں باہر کے نظارے سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ اس کمرے میں دلکشی اور تازگی پیدا کر رہی ہیں ۔
نتالی پورٹمین فلم ’’بلیک سوان‘‘سے کامیابی کی بلندیوں کو چھونے والی خوبصورت امریکی اداکارہ نتالی پورٹمین کا گھر ہی نہیں بلکہ بیڈروم بھی ان کی شخصیت کی طرح بےحد خوبصورت ہے۔ ان کا عالیشان گھرکیلیفورنیا کے ساحل مونٹیکیٹو میں سانتا باربرا میں واقع ہے۔ نتالی پورٹ مین کے پڑوس میں ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی کا گھر بھی موجود ہے۔
اگر بات کی جائے نتالی پورٹ مین کے بیڈروم کی تو اس کا انٹیریئر بھی سفید اور ہلکے سرمئی رنگ کا ہے۔ ماسٹر سائز بیڈروم میں بڑی بڑی کھڑکیاں موجود ہیں، جو ٹیرس کی جانب کھلتی ہیں۔ اس کا فرنٹ سمندر کے سامنے ہے اور بیڈ روم سے باہر کا دلفریب نظارہ بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ اس بیڈروم میں ایک علیحدہ سٹنگ ایریااور باتھ روم بھی موجود ہے۔باتھ ٹب ایریا کے لیے گلاس سلائیڈنگ ڈور کا انتخاب کیا گیا ہے۔ بیڈرو م فلو رنگ کے لیے کنکریٹ کا استعمال کیا گیا ہے۔
انجلینا جولی نتالی پورٹ مین کے گھر کے نزدیک ہی ہالی ووڈکی معروف اداکارہ انجلینا جولی کا بھی عالیشان گھر موجود ہے، جسے انجلینا نے 19ملین برطانوی پاؤنڈ میں خریدا تھا۔ اس گھر میں 6بیڈروم اور10باتھ روم موجود ہیں۔ انجلینا کا بیڈروم ونٹیج طرز پر تعمیر کیا گیا ہے۔ بیڈروم کی دیواروں کے لیے ہلکے رنگوں کا استعمال کیا گیا ہے، جبکہ
فرش کے لیے گہرے رنگ کے لکڑی کے مضبوط فرش کا انتخاب کیا گیا ہے۔ بیڈروم کے انٹیریئر کی بات کی جائے تو انجلینا نے بیڈروم کی سجاوٹ خاصی روایتی انداز میں کی ہے۔بیڈروم میں ایک نہیں تین کھڑکیاں اور ایک خوبصورت فائر پلیس بھی موجود ہے۔ اس کے بائیں جانب دروازہ موجود ہے، یہ دروازہ صحن کی جانب کھلتا ہے، جہاں کسی بھی وقت خوبصورت موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے سٹنگ ارینجمنٹ کی گئی ہے۔ بیڈروم میں صوفہ سیٹ اور کافی ٹیبل بھی موجود ہے۔
جینیفر لارنس’’ہنگر گیمز ‘‘اور ’’ایکس مین‘‘ جیسی فلموں میں دنیا بھر کو اپنی اداکاری اور خوبصورتی سے متاثر کرنے والی جینیفر لارنس2015ء میں ہالی ووڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ قرار دی گئی تھیں۔ ہالی ووڈ کی مہنگی اداکارہ کا اپارٹمنٹ نیو یارک کے علاقے ٹریبیکا کی ایک بلڈنگ میں واقع ہے، جس میں 3بیڈروم ،3بڑے اور ایک چھوٹا باتھ روم اور ایک ڈائننگ ایریا موجود ہے۔
بیڈروم کے طرز کی بات کی جائے تویہ ماڈرن طرزِ رہائش کی خوبصورت مثال ہے۔ لکڑی کے مضبوط فرش کے ساتھ سفید رنگ وروغن کا انتخاب کمرے کو قدرتی جاذبیت بخشتا نظر آتا ہے، جس میں قدرتی خوبصورتی کا اضافہ ڈیکوریشن کے طور پر کیا گیا ہے ۔جینیفر لارنس کا بیڈروم اتنا وسیع ہے کہ اس میں وارڈروب کے لیے اچھا خاصا ایریا ہونے کے علاوہ سٹنگ ارینجمنٹ کیلئے بھی اچھی خاصی جگہ بچتی ہے ۔اس میں 3ہاف سائز شیشے کی کھڑکیاں موجود ہیں۔
جینیفرلوپیز ہالی ووڈ بیوٹیز میں خوبصورتی، فٹنس اور پُرکشش اسکن روٹین کے حوالے سے کسی کا انتخاب کرنا پڑے تو ہمیں یقین ہے کہ جینیفرلوپیز ہی آپ کا انتخاب ٹھہرے گی لیکن اگر آپ کوسیلیبرٹیز کے بیڈروم اسٹائل میں سے کسی کا انتخاب کرنا پڑے تو ہمیں یقین ہے جینیفر لوپیز کاپینٹ ہاؤس بیڈروم دیکھنے کے بعد آپ کا انتخاب بھی وہی بیڈروم اسٹائل ہوگا ۔یہ پینٹ ہاؤس نیویارک ڈپلیکس پینٹ ہاؤس کے نام سے موجود ہے۔
جس میں ماڈرن طرز پر تعمیر کیا گیا وسیع بیڈروم جینیفر کی شخصیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بیڈروم کی دیواریں عام دیواریں سے اونچی اور سفید رنگ سے مزین ہیں، جن پر ڈالے گئے سفید اور لمبے پردے ان دیواروں کی شفافیت میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔ بیڈروم سے منسلک ایک آؤٹ ڈور پرائیویٹ گارڈن بھی ہے، جس میں جانے کے لیے بیڈروم سے ہی دو دروازے کھولےگئے ہیں۔ بیڈ کے لیے فور پوسٹر بیڈاسٹائل کاانتخاب کیا گیا ہے۔