• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عراق: حکومت مخالف مظاہرین کے کیمپ پر حملہ، 12 افراد ہلاک


عراق کے دارالحکومت بغداد میں حکومت مخالف مظاہرین کے کیمپ پر مسلح افراد کے حملے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دارالحکومت بغداد میں السینک پُل کے قریب واقع عمار ت میں حکومت مخالف مظاہرین کئی ہفتوں سے مقیم تھے، مسلح افراد نے مظاہرین کے کیمپ پر جمعہ کی رات کو حملہ کیا۔

عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد نے مظاہرین کو عمارت خالی کرنے کا کہا لیکن انکار پر پک اپ ٹرک میں سوار مسلح افراد نے عمارت پر دھاوا بول دیا جس نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی بھی ہوئے۔

یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ مسلح افراد کا تعلق کسی سیاسی یا ملیشیا گروپ سے ہے تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یکم اکتوبر سے بدعنوانی، بے روزگاری اور عوامی خدمات کی عدم دستیابی کے خلاف بغداد اور ملک کے جنوب میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔

عراق کی سیکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن میں اب تک 430 سے ​​زائد مظاہرین ہلاک اور ہزاروں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دو ماہ سے زائد پرتشدد مظاہروں کے بعد عراق کے وزیراعظم نے چند روز قبل مستعفی ہونے کا اعلان بھی کر دیا تھا لیکن اس کے باوجود عراق میں مظاہرے جاری ہیں۔

تازہ ترین