• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

شیخوپورہ، جماعت اسلامی کے 2 رہنما، ایک کارکن قتل، احتجاجاً جی ٹی روڈ بلاک

شیخوپورہ، جماعت اسلامی کے 2 رہنما، ایک کارکن قتل


لاہور (نمائندہ جنگ) شیخوپورہ کی تحصیل فیروزوالا میں جی ٹی روڈ رانا ٹائون کے قریب پرانی دشمنی پر مخالفین قاسم گروپ کے نقاب پوش افرادنے فائرنگ کرکے فیروزوالا کچہری میں پیشی سے واپس جانیوالےکارسوار جماعت اسلامی کے2 رہنمائوں اورایک کارکن کو قتل کردیا،ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہا واقعے کے بعد شہریوں نے احتجاج کیا اور جی ٹی روڈ بند کردی،۔جاں بحق ہونیوالوں کی شناخت ننگل ساہداں مریدکے کے رہائشی صداقت علی صداقت، شبیر حسین سرویا اور اسد ہاشمی کے نام سے ہوئی ہے۔ صداقت علی صداقت جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری، جبکہ شبیرحسین سرویاجماعت اسلامی و شباب ملی مریدکے کے صدر تھےجبکہ اسد ہاشمی جماعت اسلامی کے کارکن تھے۔ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ جاں بحق افراد کے لواحقین اور جماعت اسلامی کے کارکنوں نے لاشیں جی ٹی روڈ پر رکھ کر شدید احتجاج کرتے ہوئے کئی گھنٹے تک ٹریفک بلاک رکھی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزداراور آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے تہرے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او، ڈی پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ودیگر مرکزی رہنمائوں نے ساتھی کارکنوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے حکومت اور آئی جی پنجاب سے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے اور قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ سینیٹر سراج الحق، جماعت اسلامی ضلع قصور کے جنرل سیکرٹری چودھری زاہد عمران، چودھری فرحان شوکت ہنجرا، ریاست علی کلو، جاوید بٹر، چودھری اعظم علی سرویا نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس ہمارے کارکنوں کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، قاتلوں نے اس سے قبل مقتول شبیر سرویا کے گھر پر حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کیا تھا۔

تازہ ترین