• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈکیتی، سٹریٹ کرائمز میں شہری لاکھوں سے محروم، 15 گاڑیاں بھی غائب

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)جڑواں شہروں میں ڈکیتی ،چوری اورنقب زنی کی وارداتوں میں شہری 15گاڑیوں، متعددموٹرسائیکلوں، تین رکشوں ، طلائی زیورات ،نقدی اوردیگراشیاء سے محروم ہو گئے۔ سی پی اوکے احکامات پرگزشتہ تین ماہ کے دوران ہونے والی وارداتوں کی ایف آئی آرزکے اندراج کاسلسلہ تاحال جاری ہے۔ تھانہ پیرودھائی کے علاقہ خیابان سرسیدمیں فضل اکبر کی دکان کے تالے توڑکرنامعلوم چور 16ہزار روپےاور2 موبائل فون چوری کر کے لے گئے۔تھانہ پیرودھائی کو منیر نے بتایا کہ اپنی دکان میں کام میں مصروف تھاکہ دو نامعلوم ملزمان مجھ سے گن پوائنٹ پر 8ہزار20روپے چھین کر لے گئے۔ تھانہ نیوٹاؤن کو عابد نے بتایا کہ پنڈورہ میں اپنی دکان میں موجود تھا کہ دو نامعلوم مسلح افراد داخل ہوئے اور غلہ سے80ہزار روپے اورموبائل گن پوائنٹ پر چھین کر فرا ر ہوگئے۔ تھانہ صادق آباد کوکامران نے بتایا کہ اس کی جیب سے کوئی نامعلوم چور 50ہزار روپےچوری کر کے لے گیا ۔ تھانہ کینٹ کو زبیر حسن شاہد نے بتایا کہ دونامعلوم موٹرسائیکل سوار میرے ہاتھ سے فون چھین کر فرار ہوگئے۔تھانہ کینٹ کو عقیل احمد روشن نے بتایا کہ کامران مارکیٹ چوک میں وسیم آٹوز سپیر پارٹس کی دوکان کرتا ہوں۔ تین موٹر سائیکلوں پر 7 اشخاص آئے جن میں سے پانچ اشخاص دکان کے اندر آئے اور دو مسلح باہر کھڑے رہے اندر آنے والوں میں سے تین اشخاص نے ہم پر اسلحہ تان لیا اور دو نے آکر ارشد کی تلاشی لی جسکی جیب سے دو لاکھ روپے اورموبائل فون نکال لیا اور کاونٹر سے تقریبا ً 15 لاکھ روپے کی کیش نکالی ، محمد کلیم سے موبائل اور 50ہزار روپے اسکے علاوہ خلیق سے موبائل چھین کر فرار ہو گئے۔تھانہ کینٹ کو محمد فیضان نے بتایا کہ میں رکشہ میں جارہاتھاکہ 2نامعلوم موٹرسائیکل سوار مجھ سے موبائل اور35سو روپے چھین کر فرارہوگئے۔تھانہ سول لائن کو عبدالمالک نے بتایا کہ میں بطور مینجر گڈ لک پٹرول پمپ پر فرائض سرانجام دے رہاہوں میں ڈیوٹی پر موجود تھاکہ چار نامعلوم مسلح ملزمان موٹرسائیکل سوار آئے اور گن مین محمد ندیم سے گن چھین کر کیشیر سے اسلحہ کی نوک پر2لاکھ 25ہزارروپے اور دو موبائل چھین کرفرارہوگئے۔تھانہ ائرپورٹ کو مرزامحمد اقبال نے بتایا کہ میں اپنے موٹرسائیکل پرجارہاتھاکہ2 نامعلوم مسلح ملزمان مجھسے اسلحہ کی نوک پرموٹرسائیکل چھین کرفرارہوگئے۔تھانہ ٹیکسلاکو ثمین خان نے بتایا کہ نامعلوم چور میرے گھر کے تالے توڑ کر 5لاکھ 62ہزاراور6 تولے طلائی زیورات و پسٹل 30 بور چوری کرکے لے گئے۔تھانہ صدربیرونی کو اعتزاز احسن نے بتایا کہ موٹرسائیکلوں پر سوار تین اشخاص نے اسلحہ کی نوک پر ائرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی میں ہماری گاڑی روک لی اور سائل سے 5ہزارروپے اور دیگر ضروری کاغذات چھین کر فرار ہو گئے ۔تھانہ روات کو اسلم نے بتایا کہ چار نامعلوم افراد اسلحہ کی نوک پر نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے ۔طارق محمود نے سبزی منڈی پولیس کو بتایا کہ میں نے اپنی گاڑی ہنڈا سوک اے ایچ ای-509 اپنے گھر واقع آئی ٹین فور کے سامنے کھڑی کی جسے نامعلوم افراد چوری کرکے لے گئے ۔ محمد اویس نے کوہسار پولیس کو بتایا کہ صفاء گولڈ کی پارکنگ سے میری موٹرسائیکل ہنڈا 125اے ڈبلیوپی-711 چوری ہوئی۔ محمد ندیم نے ترنول پولیس کو بتایا کہ جی پندرہ دکان کے باہر سے میری موٹرسائیکل سیونٹی اے ڈبلیوڈی-479 چوری ہوئی ۔کامران محمد نے گولڑہ پولیس کو بتایا کہ گولڑہ دربار کے قریب میں نے گاڑی پارک کی میری گاڑی سے نقدی، بیگ، لیپ ٹاپ چوری کر لیا گیا ۔ محمد رمضان نے شالیمار پولیس کو بتایا کہ نامعلوم افراد میرے گھر واقع جی الیون ون میں داخل ہوئے موبائل فون چوری کر لیا۔
تازہ ترین