کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیپال میں سائوتھ ایشین گیمز جوڈو میں پاکستان کے شاہ حسین شاہ اور حامد علی نے طلائی تمغے جیت لئے۔
جوڈو میں پاکستان کی کارکردگی غیر معمولی رہی۔ پاکستان نے دو چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ بھی حاصل کیا۔ پاکستان کے سونے تمغوں کی تعداد31 ہوگئی ہے۔جبکہ پاکستان نے چاندی کے 37 میڈل اپنے نام کئے ہیں۔ مجموعی طور پر بھارت 266 میڈل کے ساتھ سرفہرست ہے۔
نیپال دوسرے اور سری لنکا تیسرے نمبر پر ہے۔ کٹھمنڈو میں جاری گیمز کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کے مجموعی تمغوں کی تعداد 126 ہو گئی۔
پیر کو پاکستان کے قیصر خان اور کامران بٹ نے جوڈو میں چاندی کے تمغے حاصل کئے۔ سوئمنگ میں بسمعہ خان نے 200 میٹر انفرادی میڈلے میں سلور میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔
باکسنگ کی91کلو گرام کیٹیگری میں ثناء اللہ نے بھی چاندی کا تمغہ جیتا۔کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والوں میں بینش خان شامل ہیں۔جبکہ بیچ والی بال میں محمد رزاق اور محمد وسیم نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
مردوںکی کبڈی میں بھی کانسی کا تمغہ پاکستان کو ملا۔ 4x200میٹرز فری اسٹائل میں کانسی کا تمغہ پاکستان کے نام رہا۔