• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایتھوپین وزیر اعظم ابی احمد علی کو نوبل انعام برائے امن 2019سے نوازا گیا

اوسلو (نمائندہ جنگ)ایتھوپین وزیر اعظم ابی احمد علی کو نوبل انعام برائے امن 2019سے نوازا گیا ،نوبل ایوارڈ کی تقریب اوسلو سٹی ہال میں منعقد کی گئی جس میں ناروے کے بادشاہ ،ملکہ اور وزیر اعظم سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ایتھوپین وزیر اعظم ابی حمد کا کہنا تھا کہ میں یہ ایوارڈ ایتھوپیا اور اریٹریاکے عوام کی طرف سے قبول کر تا ہوں،خاص طور پر ان لوگوں کیلئے جنہوں نے قربانیاں دی ہیں ،اوسلو سٹی ہال کے باہر اور اندر ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے پیس ایوارڈ یافتہ ابی احمد کا خیر مقدم کیا ،اس موقع پر سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔ نارویجن نوبل امن کمیٹی کے مطابق ابی احمد کو یہ انعام براعظم افریقہ میں امن کے فروغ کی کوشش کے تناظر میں دیا گیا ہے،اس سال امن کے نوبل انعام کیلئے 301 امیدواروں کے ناموںپر غور ہوا۔ نوبل انعام برائے امن کا آغاز سال 1901سے شروع کیا گیا تھا،نوبل امن ایوارڈ اب تک 134لوگوں کو دیا جا چکا ہے ،نوبل امن ایوارڈ کوفی عنان، براک اوباما ،ملالہ یوسف زئی ،نیلسن منڈیلا اور یاسر عرفات جیسی شخصیات کو مل چکا ہے ۔ نوبل امن ایوارڈ کی تقریب کے موقع پر اوسلو سٹی ہال کے باہر لوگوں نے ابی احمد کیخلاف شدید احتجاج بھی ریکارڈ کروایا ،احتجاج ریکارڈ کروانے والوں کا کہنا تھا کہ ایتھوپین وزیر اعظم ابی احمد اس نوبل امن ایوارڈ کا حق دار نہیں تھا ،لوگوں کا کہنا تھا کہ ایتھوپیا میں لاکھوں لوگوں کی نسل کشی سمیت دیگر جرائم کی کی اصل وجہ ابی احمد ہی تھے ،ان کو یہ ایوارڈ نہیں ملنا چاہیے تھا ۔ 
تازہ ترین