• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارت تجارت کا برآمدی شعبے کے لیے جلد میمورنڈم جاری کرنے کا اعلان

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وزارت تجارت نے برآمدی شعبے ٹیکسٹائل، چمڑے ، قالین ، کھیلوں کے سامان اور آلات جراحی کو خصوصی حیثیت دینے کےلیےجلد ہی ایک میمورنڈم جاری کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت برآمدی شعبے کے بجلی کے نرخ ، آرایل این جی کے ریٹس میں کمی سمیت دیگر اہم معاملات حل ہونگے۔ بدھ کو مشیرامور تجارت وٹیکسٹائل عبدالرزاق دائود سے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)کے وفد نے چیئرمین کی قیادت میں ملاقات کی اور انہیں بجلی کے معاملات سے سمیت دیگر مسائل پر گفتگو کی ، بجلی کے سہ ماہی چارجز کے معاملے پر مشیر تجارت نے کہا کہ معاملے کے حل کےلیے اپٹما کی آئندہ ہفتے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کرائی جائے گی ، اپٹما نے چین کےساتھ دوسرے آزاد تجارتی معاہدے پر یکم جنوری سے عملدرآمد کو سراہا ، چیئرمین اپٹما نےٹیکسٹائل کے شعبے کےلیے ڈیوٹی ڈرا بیک سکیموں کے تحت 17ارب 60کروڑر وپے جاری کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔مشیر امورتجارت نے کہاکہ حکومت ٹیکسٹائل شعبے کے مسائل سے آگاہ ہےاور ایف بی آر اس حوالے سے فارم ایچ کو سادہ بنانے میں مکمل تعاون کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل ویلیو چین تیسری ٹیکسٹائل پالیسی کو مرتب کرنےمیں وزارت تجارت سے تعاون کرے تاکہ ٹیکسٹائل ویلیو چین کے معاملات کو حل کیا جاسکے۔ ایس ایم ایز کو ترجیح دی جائےگی ۔ انہوں نےکہا کہ پالیسی میں وفاقی اور صوبائی اداروں کی جانب سے عائد مختلف ٹیکسوں کو بھی زیر غور لایا جائے گااس کے ساتھ پالیسی میں کریڈٹ اور ٹیکنالوجی کو اپ گریڈیشن پر توجہ دی جائے گی ، سیکریٹری تجارت نے کہا کہ برآمدی شعبے ٹیکسٹائل ، چمڑے ، قالین ، کھیلوں کے سامان اور آلات جراحی کو خصوصی حیثیت دینے کےلیےجلد ہی ایک میمورنڈم جاری کیا جائےگااس سے برآمدی شعبے کے بجلی کے نرخ ، آرایل این جی کے ریٹس میں کمی سمیت دیگر اہم معاملات حل ہونگے۔
تازہ ترین