• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی بھی سڑک یافٹ پاتھ کوپیشگی اجازت کے بغیر نہ کھودا جائے،بلدیہ کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان نے شہر میں زیر زمین تنصیبات ڈالنے والے اداروں کومتنبہ کیاہے کہ میونسپل حدود میں کسی بھی جگہ سڑک یافٹ پاتھ کوبلدیہ عظمیٰ کراچی کی پیشگی اجازت کے بغیر نہ کھودا جائے بصورت دیگر نقصان کے ذمہ دار وہ ادارے خود ہوں گے جو بلدیہ عظمیٰ کراچی کی حدود میں کسی بھی قسم کی بلااجازت کھدائی کریں گے ،بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان نے کہا کہ بلدیاتی قیادت کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ زیر زمین تنصیبات ڈالنے والے ادارے پرائیویٹ کیبل ایسوسی ایشن اورپاکستان ٹیلی کمینونیکیشن لمیٹڈاپنی تنصیبات زیر زمین ڈالنے کے تیاری کر رہے ہیں اگرچہ شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے یہ اچھا قدم ہے اوربلدیہ عظمیٰ کراچی اس کوشش کی مکمل حمایت کرتی ہے ،تاہم ایساکوئی بھی کام جو بلدیاتی حدود میں سڑک یافٹ پاتھ کھودنے سے متعلق ہے اس کیلئے پیشگی اجازت بلدیہ عظمیٰ کراچی سے لینا لازمی ہے علاوہ ازیں بلدیاتی حدود میں کوئی دیگر ادارہ یا حکام سڑک یا فٹ پاتھ کھودنے کی اجازت دینے کے مجاز نہیں ،اگربلدیہ عظمیٰ کراچی کی اجازت حاصل نہیں کی گئی توایسے اقدام کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں سڑک یا فٹ پاتھ کو کھودنے کے لئے لایا گیا سامان ضبط ہوجائے گا ،لہٰذاکسی بھی نقصان سے بچنے کے لئے متعلقہ ادارے کام شروع کرنے سے قبل بلدیہ عظمیٰ کراچی سے پیشگی اجازت حاصل کریں بصورت دیگر وہ اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے ۔
تازہ ترین