سیالکوٹ(نمائندہ جنگ) رکن صوبائی اسمبلی پنجاب گلناز شجاعت نے کہا ہے کہ ویمن پروٹیکشن ایکٹ2015کا مقصد خواتین کو گھریلو تشدد اور استحصال سے تحفظ دینا ہے ۔ اس قانون کے تحت ضلع سیالکوٹ میں جلد ویمن پروٹیکشن سنٹر کی تعمیر شروع کردی جائے گی جہاں پر متاثرہ خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے علاوہ انصاف کی فراہم کو یقینی بنانے کیلئے خاتون ویمن پروٹیکشن آفیسرکو تعینات کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر سیالکوٹ کے زیر اہتمام ”قانون خواتین کا تشدد سے تحفظ پنجاب “ کے حوالے سے ایک تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ڈی سی او کی زیر صدارت 9رکنی ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جوپروٹیکشن سنٹر کا کارگذاری، شیلٹر ہوم اور ٹول فری ہیلپ لائن کی نگرانی کرے گی اور ان سہولیات میں بہتری لانے کیلئے کوشش کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ویمن پروٹیکشن سنٹر اور شیلٹر ہوم میں متاثرہ خواتین کو انصاف کی فراہمی بشمول پولیس رپوٹنگ، کریمینل کیسز کی رجسٹریشن ، طبی معائنہ، فرانزک اور دیگر شواہد کی اکٹھا کرنے کی سہولت میسر آئے گی ۔ انہوں نے کہاکہ پروٹیکشن سنٹر تفتیش اور موثر پراسیکیویشن میں مدد دے گا اور خاتون کو تحفظ فراہم کرے گا۔ ای ڈی او سہیل محمود سمیت دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔