• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمپنی نے ملازمین کو1کروڑ ڈالر بونس دیکر حیران کردیا


امریکا میں ریئل اسٹیٹ کمپنی کے مالک نے اس بار کرسمس اور چھٹیوں کے بونس میں ملازمین کو ایک کروڑ ڈالر یعنی ڈیڑھ ارب روپے کی خطیر رقم دے کر انہیں حیران کردیا۔

بونس کی تقریب میں انعام کا سنتے ہی لوگ سکتے میں آگئے اور بعض خواتین کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو نمایاں تھے۔

ایک خاص تقریب میں تمام 198 ملازمین کو جمع کرکے بلایا گیا اور انہیں لفافے دیئے گئے جن میں رقم کی تفصیل دی گئی تھی۔

سینٹ جان پراپرٹیز کے سربراہ ایڈورڈ سینٹ جون نے کہا کہ ’ہمارے اہداف کے حصول کے اہم موقع پر میں اپنے تمام ملازمین کو انعام دینا چاہتا ہوں جو ان کی زندگی پر اہم اثر مرتب کرسکے‘۔ انہوں نے اپنے تمام ملازمین کی محنت اور خلوص کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی خدمات کا اعتراف اس سے بہتر طریقے سے نہیں ہوسکتا تھا۔

تمام شرکا کو تقریب میں بلاکر سرخ لفافے دیئے گئے تھے۔ اس کے بعد کمپنی کے مالک نے لفافے کھولنے کا اعلان کیا تو اس میں ہر فرد کے لیے چیک موجود تھا جو خطیر رقم پر مشتمل تھا۔

 کمپنی نے اس سال دو کروڑ مربع فٹ وسیع دفاتر، کارخانوں اور گوداموں کے سودے کیے جو آٹھ امریکی ریاستوں میں واقع ہیں۔ اس لیے کمپنی نے اپنے ملازمین کو بھی خوب نوازا ہے۔

تازہ ترین