• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم سے سری لنکن آفیشلز کی ملاقات، چئیرمین پی سی بی موجود نہ تھے!

وزیر اعظم سے سری لنکن آفیشلز کی ملاقات، چئیرمین پی سی بی موجود نہ تھے!
سری لنکا کرکٹ ٹیم کے آفیشلز وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کررہے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیسٹ چیمپئین شپ کے دو ٹیسٹ کھیلنے کے لئے پاکستان میں موجود سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کوچ رمیش رتنائیکے مینجر اسانتھا ڈی میل اور سیکوریٹی کنسلٹنٹ رمیش گونا تلکے نے اسلام آباد میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کی۔

اطلاعات کے مطابق یہ ملاقات راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے دن ہوئی، جس میں چئیر مین پی سی بی احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان شامل نہیں تھے۔

15سے 20 منٹ جاری رہنے والی اس ملاقات کے لئے وزیر اعظم ہاؤس کے لئے وفد سہ پہر 3:30 منٹ پر راولپنڈی سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوا، حیران کن طور پر وزیر اعظم اور سری لنکا کرکٹ آفیشلز کے درمیان ہونیوالی اس ملاقات میں چئیر مین پی سی بی احسان مانی موجود نہ تھے۔

اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم سے ہونیوالی اس ملاقات میں اہم کردار بین الاقوامی کرکٹ کے ڈائریکٹر ذاکر خان نے ادا کیا، جن سے سری لنکا ٹیم کے مینجر نے وزیر اعظم سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

یاد رہے سری لنکا کے کوچ رمیش رتنائیکے اور مینجر اسانتھا ڈی میل عمران خان کے ساتھ بین الاقوامی کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لئے سری لنکا کرکٹ بورڈ کے کردار کو سراہا اور ان کے تعاون کی تعریف بھی کی۔

وزیر اعظم عمران خان اور سری لنکا کرکٹ آفیشلز کی اس ملاقات کے بارے میں کرکٹ سری لنکا کے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر تصاویر موجود ہیں، البتہ پی سی بی میڈیا کے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر اس بارے میں کوئی تصویر یا تفصیل موجود نہیں ہے۔

تازہ ترین