• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسان نیازی کی گرفتار ی کیلئے دوسرا چھاپہ بھی ناکام

حسان نیازی کی گرفتاری کے لئے گھر گھر چھاپے


پنجاب پولیس لاہور کے اسپتال پر حملے میں ملوث وزیراعظم کے بھانجے کو اب تک گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے ، ملزم کی گرفتاری کے لیے مارے گئے دوسرے چھاپے میں بھی حسان نیازی ہاتھ نہیں آسکے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید کے مطابق لاہور کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر وکلاء کے حملے میں ملوث وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے رائیونڈ روڈ پر واقعے ایک نجی اسکیم کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تاہم ملزم چھاپہ مار ٹیم پہنچنے سے پہلے فرار ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیے:ن لیگ کا حسان نیازی کی گرفتاری کا مطالبہ

یہ بھی پڑھیے: گرفتار وکلاء جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

پولیس کے مطابق حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے مارا جانے والا یہ دوسرا چھاپہ تھا، پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کے لیے گھر پر چھاپہ مارنے کے سرچ وارنٹ بھی حاصل کئے گئے تھے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید نے بتایا کہ چھاپے کے دوران لیڈی پولیس اہلکار بھی معاونت کر رہی تھی اور ملزم حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔

انعام وحید کے مطابق ملزم حسان کو حملے کی دوسری ایف آئی آر 671/19 میں نامزد کر دیا گیا ہے، اس مقدمے کی رو سے ملزم کی اسپتال کے باہر گاڑی جلانے اور توڑ پھوڑ میں موجودگی پائی گئی ۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید نے بتایا کہ حملے کی فوٹیج میں اسلحہ لہرانے والے ملزم کی بھی نشاندہی ہو گئی ہے، ملزم کی شناخت ملک عدیل کے نام سے ہوئی ہے ۔

ملزم ملک عدیل کی گرفتاری کے لیے بھی لاہور میں ان کے گھر اقبال ٹاؤن میں بھی چھاپہ مارا گیا تاہم ملزم گھر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ ملزم حسان نیازی اور ملک عدیل سمیت تمام ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس کی جانب سے حسان نیازی کی گرفتاری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لینے کا دعویٰ بھی کیا گیا تھا ۔

تازہ ترین