• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں وکلا تشدد کے خلاف کراچی کے بیرسٹرز کا خاموش احتجاج

لاہور میں وکلا تشدد کے خلاف کراچی کے بیرسٹرز کا خاموش احتجاج


لاہور میں اسپتال پر وکلاء کے حملے اور وکیلوں کی جانب سے تشدد کے واقعہ کے خلاف کراچی میں وکلاء کی بڑی تعداد میدان میں آگئی ہے۔

’وکلاء ڈاکٹرز بھائی بھائی‘ کا سلوگن لے کر سو سے زائد بیرسٹرز کلفٹن کے مصروف ترین علاقے دو تلوار پر پہنچ گئے اور بینرز اور پلے کارڈز کے ساتھ لاہور واقعہ کے خلاف احتجاج کیا۔

وکلاء نے بینرز اور پلے کارڈز پر مختلف نعرے تحریر کر رکھے تھے، جن میں لاہور کے واقعہ کی انکوائری کرنے اور ملوث ملزمان کو سزا دینے کے مطالبات درج تھے۔

کثیر تعداد میں وکلاء دو تلوار کے چوراہے پر پلے کارڈز لے کر انتہائی پرامن انداز میں کھڑے رہے۔ مظاہرے کے دوران دو تلوار کی مختلف سڑکوں سے آنے اور جانے والی ٹریفک رواں دواں رہی۔

اس موقع پر رینجرز کی بھاری نفری تھی اور نہ ہی پولیس کو طلب کیا گیا تھا۔

ایک بینر پر نعرہ تحریر تھا کہ لاہور کے اسپتال پر حملے سے پوری قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ وکلاء نے امن اور قانون کی بالادستی کے حق میں بھی پوسٹرز اٹھا رکھے تھے۔

نوجوان نسل سے تعلق رکھنے والے وکلاء کی قیادت امبر لاکھانی، علی لاکھانی، تیمور مرزا، سلمان مرزا، محسن شلوانی، بیرسٹر سید مقبول شاہ اور عمیر مرزا کر رہے تھے۔

دو گھنٹے سے زائد کے خاموش احتجاج کے بعد وکلا شام کو پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔

تازہ ترین