• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری کا معائنہ، اسپتال میں داخل، طبی ٹیسٹ تجویز

آصف زرداری کا معائنہ، اسپتال میں داخل، طبی ٹیسٹ تجویز


سابق صدر آصف علی زرداری کو علاج کے لیے کراچی کے نجی اسپتال میں داخل کر لیا گیا، جہاں کارڈیولوجسٹ اور نیورو سرجن سمیت ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا معائنہ کیا اور ٹیسٹ تجویز کیے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے ہفتہ کا دن بلاول ہاؤس کراچی میں اپنے بچوں کے ساتھ گزارا۔

ذرائع کے مطابق بلاول ہاؤس میں ان کے کچھ قریبی دوستوں نے بھی سابق صدر سے ملاقات کی جبکہ ڈاکٹرز نے بھی ان کا معائنہ کیا، جن سے مشورے کے بعد آصف علی زرداری کلفٹن کے علاقے میں نجی اسپتال گئے جہاں انہیں اسپتال کے چوتھے فلور پر قائم ایگزیکٹیو کمرے میں داخل کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر کو اسپتال کے جس سیوٹ میں رکھا گیا ہے، وہ تین کمروں پر مشتمل ہے، جس میں مہمانوں سے ملنے کا کمرہ ، ڈائننگ ٹیبل اور آرام کے لیے ایک خصوصی صوفہ بھی رکھا گیا ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق اس سیوٹ کے علاوہ 2 کمرے سابق صدر کے سیکورٹی اسٹاف کے لیے مختص ہیں اور وہاں لگے کلوز سرکٹ کیمروں کا کنٹرول بھی سیکیورٹی اسٹاف کے پاس ہے۔

اسپتال میں داخلے کے بعد ماہر امراض قلب، نیورو سرجن اور فزیشنز نے آصف علی زرداری کا معائنہ کیا اور اسلام آباد سے آنے والا میڈیکل ریکارڈ دیکھا اور ابتدائی طور پر ٹیسٹ تجویز کیے۔

سابق صدر سے کسی کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں، اسپتال کے اطراف میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

تازہ ترین