• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبوں کی تشکیل کیلئے ایم کیو ایم کا بل،پیپلز پارٹی شدید برہم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ کی تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے اور نہ ہی آج تک اس سلسلے میں سندھ حکومت کی جانب سے کوئی فیصلہ ہوا ہے البتہ ان کی جانب سے چیف سیکرٹری کو دو افسران کے حوالے سے لکھے گئے خط پر ہمیں شدید تحفظات ہیں ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ کو تقسیم کرنے کی ایک بار پھر سازش قومی اسمبلی میں بل جمع کراکر شروع کردی گئی ہے اس لئے میں حکمران جماعت تحریک انصاف اور ان کی حمایتی جماعتوں سے سوال کرتا ہوں کہ وہ اپنا موقف عوام کے سامنے واضح کریں۔سندھ سمیت ملک بھر کے عوام سندھ میں صوبوں کی تقسیم کے خلاف ہیں۔۔ ہفتہ کو اپنے کیمپ آفس میں پیپلز پارٹی سندھ کے نائب صدرراشد ربانی،جنرل سیکرٹری وقار مہدی، نائب صدر کراچی سردار خان، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری کراچی آصف خان، اقبال ساندھ، لالہ رحیم کے ہمراہ پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کی جانب سے صوبوں کی تقسیم کا بل ہمیں یقین ہے کہ کسی صورت نہ قومی اسمبلی سے منظور ہوگا اور نہ ہی سینیٹ یا صوبائی اسمبلیوں سے منظور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بل ایم کیو ایم ماضی میں بھی سندھ کے عوام کو تقسیم کرنے کی غرض سے لاتی رہے ہے لیکن سندھ سمیت ملک بھر کے عوام سندھ میں صوبوں کی تقسیم کے خلاف ہیں۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ اس وقت آئی جی سندھ کی جانب سے چیف سیکرٹری کو دو افسران کی جانب سے خط کا چرچا عوام میں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس پر کسی قسم کے پریس کانفرنس اور بیان کی ضرورت نہیں ہوتی لیکن افسوس کہ اس خط کو ہم سے پہلے میڈیا کے ذریعے تشہیر کیا گیا اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ سندھ حکومت اور پولیس کے مابین کسی قسم کی کوئی کشیدگی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ جن دو افسران کی خدمات سندھ حکومت وفاق کو واپس کررہی ہے، اس کی درخواست وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کو موصول ہوئی ہے اور سندھ حکومت نے اس کے تحت ان دونوں افسران کی خدمات کو واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میں سے ایک افسر خادم رند کے حوالے سے آئی جی سندھ نے ایک سال قبل نومبر 2018 میں سندھ حکومت کو خود لکھا تھا کہ اس کی خدمات کی ہمیں ضرورت نہیں ہے اس لئے اس کو واپس کیا جائے اور آج وہ چیف سیکرٹری کو لکھے گئے خط میں لکھتے ہیں کہ وہ ایک اہم کام پر متعین ہے۔
تازہ ترین