• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی موسیقار سلیم مرچنٹ نے فلمی موسیقی چھوڑنے کی وجہ بتا دی

سلیم مرچنٹ — فائل فوٹو
سلیم مرچنٹ — فائل فوٹو

بھارتی موسیقار سلیم مرچنٹ نے فلمی موسیقی سے کنارہ کشی کرنے کی وجہ سے پردہ اٹھا دیا اور کہا ہے کہ کووڈ کے دوران یہ احساس ہوا کے فلمی موسیقی مجھے خوشی نہیں دے رہی۔

ایک انٹرویو میں سلیم مرچنٹ نے بتایا کہ میں اب فلموں کے لیے گانے نہیں بناتا کیونکہ یہ اب آرٹ نہیں رہا بلکہ کام بن گیا ہے۔

موسیقار کے مطابق فلموں کے لیے گانے بنانا اب اس لیے مشکل ہو گیا ہے کیونکہ اس پورے عمل میں بہت سے لوگوں کی شمولیت ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں فن کا اصل مفہوم ہی متاثر ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسیقی محض ایک سیٹ اپ بن کر رہ گئی ہے، آپ کو زیادہ تر بہت سے لوگوں سے رابطہ کرنا پڑتا ہے، اب معاملہ صرف ہدایت کار تک محدود نہیں، بلکہ پروڈیوسر، ریکارڈ لیبل، اداکار اور بعض اوقات نیٹ فلکس جیسے پلیٹ فارم تک بھی بات پہنچ جاتی ہے۔

سلیم مرچنٹ کے مطابق اس طویل اور پیچیدہ عمل کے اختتام تک فن اپنی اصل روح کھو دیتا ہے، یہی وجہ ہے کہ میں نے گزشتہ 6 سال میں کسی فلم کے لیے موسیقی ترتیب نہیں دی۔

سلیم مرچنٹ کے اس بیان کے بعد بعض مداح قیاس آرائیاں کر رہے ہیں کہ ممکنہ طور پر اریجیت سنگھ نے بھی اسی وجہ سے فلمی موسیقی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں لال عشق کے گلوکار اریجیت سنگھ نے انسٹاگرام پر اعلان کیا تھا کہ میں نے گلوکاری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب نئے پراجیکٹس قبول نہیں کروں گا، تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ میں اپنے زیرِ تکمیل موجودہ پراجیکٹس مکمل کروں گا۔

گلوکار کے اس اعلان کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے اس حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔

اریجیت سنگھ کے اس فیصلے کے پیچھے اصل وجہ کیا ہے یہ تاحال واضح نہیں، تاہم گلوکار اور موسیقار سلیم مرچنٹ کے حالیہ بیان نے مداحوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ شاید یہی وہ وجہ ہے جس کے باعث اریجیت نے بھی گلوکاری سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید