• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سوشل میڈیا صارفین نے کی چائے کے عالمی دن پر ابھینندن کی ٹرولنگ

جہاں دنیا بھر میں آج چائے کا عالمی دن منایا جارہا ہے وہاں آج پاکستانیوں نے سوشل میڈیا پر اس دن بھارتی پائلٹ ابھینندن کی چائے پینے کی ویڈیو پر دلچسپ تبصرہ کیا۔

واضح رہے کہ بھارتی ونگ کمانڈر ابھینندن کے طیارے کو 27 فروری کی صبح پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے طیاروں نے مار گرایا تھا۔

ابھینندن کو پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کرلیا تھا اور انہیں اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

دریں اثنا پاک فوج کے شعبہ تعلقات آئی ایس پی آر کی جانب سے ابھینندن کی ویڈیوز بھی جاری کی گئیں جن میں وہ پاکستانی فورسر کے بہترین اور پیشہ ورانہ سلوک کی تعریف کرتے دکھائی دیے۔

اسی ویڈیو میں ابھینندن چائے پیتے دکھائے دیے اور اسی دوران جب پاکستانی فوج کے آفیسر نے ان سے سوال کیا کہ چائے کیسی ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ چائے بہت اعلیٰ ہے (The tea is fantastic)۔

ابھینندن کے اس جواب پر اس وقت بھی سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے سامنے آئے جبکہ آج چائے کے عالمی دن پر بھی اسی ویڈیو کا تذکرہ چلتا رہا۔

ایک ٹوئٹر صارف نے پاکستانی ایئر فورس میوزیم میں نمائش کے لیے موجود ابھینندن کے یونیفارم کی ایک تصویر شائع کی اور پورے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ چائے کے اس عالمی دن پر آئیں اور دنیا بھر میں مشہور یہ ’فنٹاسٹک چائے‘ پیئں۔

ایک صارف نے ابھینندن کی چائے پینے کی ویڈیو شیئر کی اور چائے سے متعلق عالمی دن کی مبارکباد پیش کی۔

ایک صارف نے لکھا کہ آج چائے کے عالمی دن کے موقع پر میں دنیا کو یہ کہنا چاہوں گا کہ پاکستان صرف اپنی خوبصورتی کی وجہ سے ہی مشہور نہیں ہے بلکہ وہ اپنی چائے کی وجہ سے بھی مشہور ہے جو ’فنٹاسٹک‘ ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اگر آپ کو یقین نہیں آتا تو آپ ہمارے پڑوسی ملک بھارت سے پوچھ لیجیئے۔

ایک صارف نے بھارتی طیارہ گرائے جانے کی یادگار تصویر شیئر کی اور لکھا کہ بھارتی طیارہ مگ 21 بائیسن جسے پی اے ایف کے ونگ کمانڈر نعمان علی نے گرایا تھا۔

ساتھ میں یہ بھی لکھا کہ چائے بہت اعلیٰ تھی۔

ایک صارف نے ابھینندن سے متعلق لطیفہ شیئر کیا جو کچھ یوں تھا کہ:

سوال: تم چائے کے لیے کتنے پاگل ہو؟

ابھینندن: میں نے اپنا پستول، اپنی وردی، نقشہ اور اس سے بھی بڑھ کر اپنے ملک کی عزت بھی ایک چائے کی خاطر دے ڈالی۔



ایک ٹوئٹر صارف نے چائے کا ایک بل شائع کیا جو کچھ یوں بنا تھا کہ ایک چائے جس کی قیمت مگ 21 ہے۔

پاکستانی ماڈل و اداکارہ وینا ملک بھی اس ٹرینڈ کا حصہ بنیں اور لکھا کہ کرکٹ اور چائے ایسی چیزیں ہیں جو پاکستانیوں کو کراچی سے خیبر تک متحد کرتی ہیں۔

یاد رہے کہ رواں برس 26 فروری کو بھارتی طیاروں نے پاکستانی حدود میں دراندازی کی تھی، تاہم پی اے ایف کے فوری رد عمل کی وجہ سے یہ بھارتی طیارے پے لوڈ گرا کر فرار ہوگئے تھے۔

اس پے لوڈ کی وجہ سے پاکستانی حدود میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا، تاہم پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارت کو خبردار کیا تھا کہ وہ ہمارے جواب کا انتظار کرے۔

اس کے اگلے ہی روز 27 فروری کی صبح پاکستانی ایئرفروس نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، دریں اثنا بھارتی طیاروں نے جب پاکستانی طیاروں کا تعاقب کیا تو ان کے 2 طیارے گرا دیے گئے تھے جن میں ایک بھارتی حدود جبکہ دوسرا پاکستانی حدود میں گرا تھا۔

پاکستانی حدود میں گرنے والے بھارتی طیارے کے پائلٹ ابھینندن نے طیارے کے تباہ ہونے سے قبل خود کو بحفاظت باہر نکال لیا تھا اور پیراشوٹ کی مدد سے زمین پر اترا جسے پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کرلیا تھا۔

ابھینندن 2 روز تک پاکستان کی قید میں رہے، تاہم پاکستانی حکام نے ویانا کنونشن کی پاسداری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران کی ہدایت کے مطابق ابھینندن کو خیرسگالی کے جذبے کے طور پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا تھا۔

تازہ ترین
تازہ ترین