• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی سی پر حملہ کرنے والا وزیر اعظم کا بھانجا تاحال گرفتار نہیں ہوسکا

پی آئی سی پر حملہ کرنے والا وزیر اعظم کا بھانجا تاحال گرفتار نہیں ہوسکا


لاہور میں پنجاب انسٹیٹوٹ آف کارڈیالوجی ( پی آئی سی) میں حملہ کرنے والے وکلا ء میں شامل وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی اور فیاض الحسن چوہان پر حملہ کرنے والے وکیل کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جاسکا۔

11 دسمبر کو پی آئی سی کے باہر ہوائی فائرنگ کرنے والے وکیل کی بھی شناخت ہوگئی، اس وکیل کا نام عابد ناز ہے، جس کا دفتر لوئر مال روڈ پر واقع ہے، عابد ناز کی فائرنگ کرتے ہوئے ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، تاہم اب اس کی ایک واضح تصویر بھی سامنےآگئی ہے۔

اسلحہ لہرانے والا وکیل اور فیاض الحسن چوہان پر تشدد کرنے والا وکیل بھی پولیس کے ہاتھ نہ لگے۔

وزیراعظم کے بھانجےحسان نیازی، اسلحہ لہرانے والے وکیل عدیل ملک، فیاض الحسن چوہان کو تشدد کا نشانہ بنانے والے وکیل عبدالماجد اور ہوائی فائرنگ کرنے والے وکیل عابد ناز کو تو اب تک گرفتار نہیں کیا جاسکا مگر پولیس ان کی گرفتاری کے لیے مسلسل چھاپے مار رہی ہے اور یہ وکلاء کسی کے ہاتھ آنے کا نام ہی نہیں لے رہے۔

یہ بھی پڑھیے: حسان نیازی کی گرفتار ی کیلئے دوسرا چھاپہ بھی ناکام

ڈی آئی جی ڈاکٹر انعام وحید کا کہنا ہے کہ یہ چاروں وکلا اپنے گھروں کو تالے لگا کر فرار ہوچکے ہیں اور ان ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر قانون پنجاب راجا بشارت نے ملاقات کی اور انہیں اپنی تحقیقاتی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

تازہ ترین