لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کوئی نوگو ایریا نہیں ہے، فور تھ شیڈول کے 1450افراد تفتیش کی گئی ، اکثریت کو ضمانت پر رہا کر دیاگیا ۔دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے وزیر اعظم کی ہدایت پر پورے صوبے میں آپریشن لانچ کیا جارہاہے ،آپریشن ابتدائی طور پر پولیس کرے گی جبکہ بعدمیں فوج کی مدد لی جاسکتی ہے، سانحہ گلشن اقبال پارک کے بعد مختلف علاقوں میں پولیس نے 56آپریشن کیے جبکہ سی ٹی ڈی نے 16اور ایجنسیوں کے تعاون سے 88آپریشن کیے گئے ہیں جن میں ابتدائی طور پر 5221لوگ پکڑے گئے جن میں سے 5005لوگوں کو تصدیق کے بعد چھوڑدیا گیا اور اس وقت 216مشکوک لوگ حراست میں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا ثناء نے کہاکہ جو گناہ گارہوں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، یہ آپریشن پنجاب پولیس ، ایجنسیوں سمیت تمام اداروں کا مشترکہ آپریشن ہے۔بعض عناصر قومی یکجہتی میں فرق ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں ایسے عناصر کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔اس موقع پر انکے ہمراہ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا ، ہوم سیکرٹری پنجاب میجر (ر )اعظم سلیمان ، ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری ، پارلیمانی سیکرٹری رانا ارشد بھی موجود تھے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پنجاب میں پہلے بھی مشکوک افراد کی سرچ جاری تھی اس دوران فور تھ شیڈول میں شامل 1550افراد ہیں ان میں سے ایک ہزارکے قریب افراد کو گرفتارکیا گیا جن میں سے بعض عدلیہ سے رہاہوگئے اور بعض کو گارنٹی حاصل کرنے کے بعد چھوڑاگیا۔سانحہ گلشن اقبال پارک کی تحقیقات کے لیے ایس ایس پی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے ،پنجاب بھر میں تمام مدارس اور ان میں زیرتعلیم و رہائش پذیر افراد کے تمام کوائف حاصل کرلیے گئے ہیں، 522مدارس بارے مشکو ک اطلاعات تھیں ان مدارس کی اچھی طرح چھان بین کرلی گئی ہے ۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے ،دہشت گردی کاجڑ سے خاتمہ کریں گے، جذبے سے آپریشن جاری رہے گااور قوم سرخروہوگی ۔ماضی میں ہر پندرہ بیس دن کے بعد دہشت گردی کے کسی نہ کسی واقعہ سے واسطہ پڑجاتاتھامگر نیشنل ایکشن پلان اور ضرب عضب کے تحت جو اقدامات کیے گئے ان سے ایسے واقعات میں کافی کمی ہوئی ہے،مستقبل میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 2015 کے دوران 88بلیک جیٹ دہشت گرد مارے گئے اور 2016کے پہلے تین ماہ میں 24بلیک جیٹ دہشت گرد مارے جاچکے ہیں۔گلشن اقبال پارک میں ناقص سکیورٹی سے متعلق سوال کے جواب میں ٓآئی جی پنجا ب نے کہاکہ اسی روز ایسٹر کے موقع پر 550چرچز پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے وہاں سکیورٹی فراہم کی گئی جس کے نتیجہ میں کسی چرچ پر کوئی دہشت گردی نہیں ہوسکی یہ پولیس کی اچھی کارکردگی کی بدولت ہوا ۔