• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احسن اقبال ملکی معیشت کی فکر اپنے دور میں بھی کرتے، فردوس عاشق


وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ تین دہائیاں برسر ِاقتدار رہنے والوں کے منہ سے پالیسیوں کے تسلسل میں ناکامی کی بات مضحکہ خیز ہے، کاش احسن اقبال نے ملکی معیشت کی فکر اپنے دور میں بھی کی ہوتی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ احسن اقبال معیشت پر کانفرنس کرنے کے بجائے اسحاق ڈار کو واپس بلائیں جس نے پاکستان کی عمارتیں اور شاہراہیں بھی گروی رکھ دی ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ارسطو بن کر لیکچر دینے والوں نے معیشت کی ناؤ ڈبوئی، اب مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ نون لیگی قیادت خود اپنی جان، مال اور آل کے ساتھ بیرون ملک جا چکی ہے جبکہ سیاسی سانسیں جاری رکھنے کے لیے پارٹی کے دوسرے درجے کے رہنماؤں کو سیمینار کرانے کی نوکری پر لگا دیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آل ِشریف نے عوام کا کاروبار بند کرکے اپنی آل اولاد کے کاروبار کے تسلسل کو تقویت دی۔

تازہ ترین