لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عوام پرویز مشرف کو ریٹائرمنٹ کے بعد فوج کا حصہ نہیں سمجھتے ،وہ فوج کے ساتھ بے پناہ محبت اور عقیدت رکھتے اور فوج کے خلاف کوئی بات نہیں سننا چاہتے۔فوج اور پاکستان مختلف نہیں ایک نام ہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد مشرف اپنے اعمال کے خود ذمہ دار ہیں، انہیں پروٹوکول کے ساتھ باہر بھجوانے والوں کو جواب دینا چاہیے ۔ ملک اس وقت بے یقینی اور امن و امان کی تشویشناک صورتحال سے دوچار ہے۔ اداروں کے درمیان تناؤ خطرناک حدوں کو چھو رہا ہے ۔ بچی کھچی جمہوریت بھی وینٹی لیٹر پر ہے ۔ اس تمام صورتحا ل میں عوام سخت پریشان ہے ۔ خارجہ محاذ پر حکمرانوں نے ملک و قوم کو بہت بڑی شرمندگی سے دوچار کیا ہے ۔جو لوگ مسئلہ کشمیر پر ہمارے کندھے کے ساتھ کندھا لگا کر کھڑے ہوئے تھے ،وزیراعظم نے کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کر کے انہیں ناراض کرلیاہے ۔ طیب اردگان اور مہاتیر محمد پاکستان کے رویے پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں ۔ 22 دسمبر کو پوری قوم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گی اور لاکھوں عوام اسلام آباد کشمیر مارچ میں شرکت کریں گے۔