• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈائننگ روم میں خوبصورت سلائیڈنگ ڈور لگائیں

چھوٹے گھروں میں سب سے بڑا مسئلہ جگہ کی کمی کا ہوتا ہے، جس کے سبب ان گھروں میں رہنے والے افراد نت نئے ٹرینڈز اپنانے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں۔ درحقیقت جگہ کی کمی کوئی ایسا مسئلہ نہیں جس کے پیش نظر ایک جدید اورخوبصورت گھر کی تعمیر ممکن نہ ہوسکے۔ اگردوران تعمیر فہم وفراست اور عقل مندی کا مظاہرہ کیا جائے تو کم جگہ میں بھی ایک خوبصورت اور تمام سہولیات سے آراستہ گھر بآسانی تعمیر کروایا جاسکتا ہے۔ 

اس حوالے سے تعمیراتی ماہرین کی جانب سےآئے روز نت نئی اور مفید تجاویز پیش کی جاتی ہیں۔ان میں سے سلائیڈنگ ڈور ایک نئی تجویز ہے، جو نہ صرف کم جگہ اور چھوٹے گھروں میں نصب کیے جاتے ہیں بلکہ دکھنے میں منفرد اوراسٹائلش بھی محسوس ہوتے ہیں ۔

تعمیراتی ماہرین سلائیڈنگ ڈور کو دو وجوہات کے سبب چھوٹے گھروں کے لیے مفید قرار دیتے ہیں۔پہلی وجہ:یہ گھر کے کسی بھی حصے میں نصب کیے جائیں تو اس حصے کو جدید ، جاذبِ نظر اور دلکش بنادیتے ہیں۔ دوسری اہم وجہ:یہ دروازےچھوٹے گھروں کو کشادگی فراہم کرتے ہیں۔ 

یوں سمجھ لیں کہ کسی چھوٹی سی جگہ میں وسعت پیدا کرنے کے لیے آپ سلائیڈنگ ڈور کا انتخاب بنا کسی جھجک کے بآسانی کرسکتے ہیں، یہ آپ کے گھر کی شان وشوکت بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ اس حوالے سے آج کے مضمون میں چند منفرد اور اسٹائلش سلائیڈنگ ڈور کا ذکر کیا جارہا ہے، جو آپ کے گھر میں ایک مثبت اضافہ ثابت ہوں گے۔

پاکٹ ڈور

سلائیڈنگ ڈور کی پہلی قسم پاکٹ ڈور ہے،جوعام طور پر چھوٹے گھروں کے مکینوں کے لیے بہترین ہے۔ یہ دروازے ایک پینل کے ساتھ نصب کیے جاتے ہیں، جن میں کوئی قبضہ (ہینڈل )نہیں لگایا جاتا۔ جو افراد ہینڈل ڈور پسند نہیں کرتے وہ سلائیڈنگ ڈور کی اس قسم کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ پاکٹ ڈور، سلائیڈنگ ڈور کی دیگر قسموں کے مقابلے میں چھوٹے اور تنگ ہوتے ہیں ۔جہاں پاکٹ ڈور لگانا مقصود ہو، وہاںدیواروں کے درمیان ایک کھلی جگہ رکھی جاتی ہے،جس میں دروازہ کھلنے کے بعد چھپ جاتا ہے۔

پیٹیو ڈور

سلائیڈنگ ڈور کی دوسری قسم پیٹیو ڈور ہے، جو کہ دو پینل پر مشتمل ہوتے ہیں اور ایک جگہ فکس ہوجاتے ہیں۔ عام طور پر زیادہ تر گھروں میں پیٹیو ڈور کو ہی بطور سلائیڈنگ ڈور منتخب کیا جاتا ہے۔ یہ دروازے مستطیل سائزکے ہوتے ہیں جو کہ عام دروازوں سے سائز میں قدرے چوڑے اور لمبے ہوتے ہیں۔ 

یہی وجہ ہے کہ ان دروازوں کو صحن یا اوپن ایریاز میں نصب کیا جاتا ہے، تاہم اگر آپ کو ڈرائننگ روم سے ڈائننگ روم کو علیحدہ کرنا مقصود ہوتو آپ سلائیڈنگ ڈور کی اس قسم کا انتخاب کرسکتے ہیں ۔

بائی پاس ڈور

سلائیڈنگ ڈور کی اس قسم میںمتصل زاویوں اور فکس پینل کے ساتھ دروازہ نصب کیا جاتا ہے۔ ایسے دروازوں کو جب کھولا جائے تو یہ ایک ہی سمت میں کھلتے ہیں، سلائیڈنگ ڈور کی دیگر اقسام کے مقابلے میں ان دروازوں کوزیادہ جگہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ لہٰذا آپ بھی سلائیڈنگ ڈور کی اس قسم کا انتخاب اس وقت ہی کریں، جب آپ کے ڈائننگ روم میں تھوڑی زیادہ جگہ موجود ہو۔ واضح رہے کہ ان دروازوں کے اوپر اور نچلی جانب بنایا گیافریم ان کی دلکشی میں اضافہ کرتا ہے۔

اب کچھ ذکر سلائیڈنگ ڈور کے ان چند ٹرینڈز کا جو ان دنوں بے حد مقبول ہیں۔

گلاس سلائیڈنگ ڈور

اگر آپ اپنے سادہ سے ڈائننگ روم میں جدت لانے کے خواہشمند ہیں تو سادہ دروازوں کے بجائے گلاس سلائیڈنگ ڈور کا انتخاب کریں۔ گلاس ڈور روشنی اندر لانے کا بہترین ذریعہ تسلیم کیے جاتے ہیں۔ ان دروازوں کے اوپر یا اطراف میں ہلکا ڈیزائن بھی بنوایا جاسکتا ہے، جو ان کو جاذب نظر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ 

گلاس سلائیڈنگ ڈور کی لمبائی آپ کی مرکزی دیوار یا جس دیوار پر دروازہ لگانا مقصود ہو، اس سے چند انچ چھوٹی رکھی جاتی ہے۔ ان دروازوں کوعام طور پر دو پینل (پیٹیو ڈور)کے ساتھ بنوایا جاتا ہے، تاہم اگر آپ کے پاس جگہ مزید کم ہے تو سنگل پینل سلائیڈنگ ڈور کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ ان دروازوں کے قبضے مضبوط بنائے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی مضبوطی میں اضافہ ہوتا ہے۔

رسٹک اسٹائل سلائیڈنگ ڈور

لکڑی سے بنائے گئے دروازے عمدہ ذوق کی علامت کہلاتے ہیں۔ آپ بھی سلائیڈنگ ڈور کے لیے بطور مواد لکڑی کا استعمال کرسکتے ہیں۔ سنگل پینل کے ساتھ بنائے گئے لکڑی کے سلائیڈنگ ڈور میں بڑے سے پھاٹک نما دروازے کو کھولنے اور بند کرنے کے لئے زمین پر ریلنگ نصب کی جاسکتی ہے، جس کے سبب اس دروازے کو بآسانی کھولا اور بند کیاجاسکتا ہے۔ 

اس دروازے کے ساتھ شیشے کی کالمی آرائش بھی خوبصورتی میں اضافہ کرسکتی ہے۔ لکڑی سے بنے سلائیڈنگ ڈور کا انتخاب ڈائننگ روم کو گھر کے مختلف حصوں سے الگ، روایتی اور دلکش انداز عطاکرے گا۔

تازہ ترین