• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگر آپ گھرکی تزئینِ نو کروارہے ہوں یا نئے گھر کی تعمیر کے وقت فرش کیلئے اسٹائل کا انتخاب کررہےہوں تو آپ کو اس بارےمیں کچھ خاص سوچنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ فرش ہی ہوتا ہے جو آپ کے گھر کے داخلی حصے سے لے کر آپ کے بیڈ روم تک جڑا رہتا ہے۔ 

اسی پر آپ چلتے پھرتے اور بیٹھتے ہیں جبکہ بہت سے لوگ فرش پر اپنا دسترخوان بچھا کر کھانا بھی کھاتے ہیں۔ توکیوں ناں آپ فرش کو جدید بنانے کے آئیڈیاز پر کام کریں۔ آجکل فرش صرف سیمنٹ یا ماربل کاہی نہیں ہوتا بلکہ وینائل، لکڑی، کارک یا لیمنیٹ کا بھی ہوتا ہے، تاہم آپ کے گھر میں جس قسم کا فرش بچھا ہے، اس میں اسی حساب سے کچھ اچھوتا پن لے آئیں۔

پینٹڈ لینولیئم

پینٹڈ لینولیئم (Painted Linoleum) آپ کے فرش کی تزئین کا ایک کفایتی آئیڈیاہے لیکن ان جگہوں کے فرش کیلئے جہاں لوگوں کی آمدورفت زیادہ نہ ہو ، جیسے کہ آپ کے لانڈری روم کا فرش کیونکہ اس فرش پر زیادہ چلنے سے اس کی سفیدی یا صفائی متاثر ہو جاتی ہے۔

وینائل فلور اسٹیکرز

وال پیپرز کی طرح وینائل فلور اسٹیکرز (Vinyl Floor Stickers)بھی آپ کے فرش کو نیا انداز دیتے ہیں۔ انہیں آپ آن لائن آرڈر بھی کرسکتے ہیں ۔ یہ طویل عرصے تک اپنی خوبصورتی برقرار رکھ سکتے ہیں ا ور انہیں وہاں بھی لگایا جاسکتا ہے، جہاں زیادہ آمدورفت ہو۔

لگژری وینائل ٹائل

اس میںماربل یا لکڑی کے بڑے بڑے چوکھٹے یا تختے لگائے جاتے ہیں، جو ہر سائز اور مختلف پیٹرن میں دستیاب ہوتے ہیں۔ ماربل کے ٹائل زیادہ بہتر رہتے ہیں کیونکہ لکڑی کے تختے بہت زیاد ہ بڑے بھی ہوجاتے ہیں۔ لگژری وینائل ٹائل (Luxury Vinyl Tile)یا تختے کچن اور باتھ روم کیلئے انتہائی موزوں ہوتے ہیں اور فرش بنانے کیلئے آپ کی جیب پر بھاری بھی نہیں پڑتے۔

پیپر بیگ فوکس ہارڈ ووڈ فلور

پیپر بیگ فوکس ہارڈ ووڈ فلور(Paper Bag Faux Hardwood Floor)لکڑی کے نہیں ہوتے بلکہ ان جیسے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ صرف بھورے رنگ کے بیگس ہوتے ہیں، جن پر فوکس لکڑی کے نشانات ہوتے ہیں یا اس پر رول کیے ہوتے ہیں۔ یہ بھی آپ کے فرش کو کلاسک انداز دیتے ہیں۔

پلائی ووڈ فوکس پلانک فلورنگ

پلائی ووڈ فوکس پلانک فلورنگ (Plywood Faux Plank Flooring) روایتی ہارڈ ووڈ فلورنگ کے مقابلے میں بہت ارزاں ہے اور آپ کے فرش کو دیدہ زیب بناتی ہے، جسے بچھانا بھی آسان ہوتا ہے۔ اسے خشک حصے میں لگائیں جہاںفرش پر پانی نہ گرتا ہو یعنی کچن یا باتھ وغیرہ میں نہ لگائیں، ورنہ یہ جلد خراب ہوجائے گی۔

اخروٹی لکڑی کا فرش

اخروٹی لکڑی کی مضبوطی، خوبصورتی اور پائیداری کی وجہ سے اسے صدیوں سے استعمال کیا جارہا ہے۔ اس کے دل لبھاتے رنگ اور مختلف شیپ فرنیچر کیلئے خاصے مقبول ہیں۔ اس کا فرش بچھانا قدرے مہنگا ہو گا لیکن یہ آپ کے گھر کی شان بڑھا دے گا اور سالہا سال آپ کے قدموں تلے بچھا رہے گا۔ اخروٹی لکڑی (Wallnut Floor) کی کئی اقسام ہیں، جن میں انگلش، بلیک اور کارلو وال نٹ زیادہ مشہور ہیں۔

3Dفلورنگ

آپ اپنے فرش پر دلچسپ اندا ز کی ایسی تھری ڈی تصاویر لگا سکتے ہیں، جنہیں دیکھ کر آپ خود کو جنگل میں ، سمند رکی لہروں پر یا بادلوں پر سوار محسوس کریں گے۔ تھری ڈی فلورنگ دراصل فریب نظری یا جدّت طرازی کا عمدہ نمونہ پیش کرتی ہے ، جسے دیکھ کر آپ اور آپ کے مہمان حیران ہو سکتے ہیں۔ مثلاً فرش پر بنی سمندر کی تھری ڈی تصویر سے آپ کو سمندر چلتا پھرتا اور جھلملاتا دکھائی دے سکتا ہے یا آپ کہکشاں کے کسی ستارے پر اپنی نیند پوری کرسکتے ہیں۔

اسٹینسلڈ ووڈ فلور

اسٹینسلڈ ووڈ فلور(Stenciled Wood Floor) لکڑی کا ایک ٹھوس فرش ہے ،جس میں اسٹینسل یعنی نقش ونگا روالے خاکوں سے فرش بنایا جاتا ہے۔ آپ لکڑی کے فرش پر براہ راست کوئی بھی نقش و نگار منتخب کرکے پینٹ کرواسکتے ہیں۔ پینٹ ہونے کے بعدکمرے کو بند کردیں تاکہ کوئی بے خیالی میں گیلے پینٹ کو خراب نہ کردے، جب پینٹ خشک ہوجائےتو پھر آپ اس پر چل پھر سکتے ہیں۔

کنکریٹ کا فرش

عام طور سے پورا مکان کنکریٹ سے ہی بنایا جاتا ہے، اس لیے کنکریٹ کا فرش بھی ایک عام انتخاب ہے۔ البتہ کنکریٹ میں ماربل کے ٹکڑے لگا کراس کے انداز میں کچھ تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ ایسا کرنے سے آپ کافرش بھی دلکش ہو جائے گا اور آپ کی طبیعت پر بھی اچھا اثر پڑے گا۔

کنکریٹ کے فرش پر صابن یا سرف استعمال کرنے سے ماربل کی چمک ماند پڑ جاتی ہے، اس لئے شیمپو یا کھانے کے سوڈے (بیکنگ سوڈا) سے فرش کو چمکایا جائے تو بہتر نتائج برآمد ہوتے ہیں۔

تازہ ترین