• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطین کو خودمختار ریاست نہیں مانتے، پومپیو، جنگی جرائم پر اسرائیل کیخلاف تحقیقات کی مخالفت

واشنگٹن(ایجنسیاں ) امریکا نے اسرائیل کے جنگی جرائم کی تحقیقات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کوخودمختارریاست نہیں سمجھتے اورنہ ہی فلسطین بطورایک ریاست عالمی اداروں کا رکن بننے کا اہل ہے، امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے فلسطین میں اسرائیل کے جنگی جرائم کی تحقیقات کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا عالمی فوجداری عدالت کے اس اقدام کی شدید مخالفت کرتا ہے بلکہ ایسے کسی بھی اقدام کی مخالفت کرتے ہیں جس میں اسرائیل کو غیرمنصفانہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہو۔وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ ہم فلسطین کو خودمختار ریاست نہیں سمجھتے ہیں اور نہ ہی فلسطین بطورایک ریاست عالمی اداروں کا رکن بننے کا اہل ہے، عالمی فوجداری عدالت کی چیف پراسکیوٹر فاٹو بنسوڈا کا کہنا تھا کہ فلسطین کے مغربی کنارے، مشرقی مقبوضہ بیت لمقدس ، اور غزہ میں جنگی جرائم سرزد کیے جا رہے ہیں اور ماضی میں بھی کیے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جنگی جرائم کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کی ٹھوس وجوہات موجود ہیں۔دوسری جانب فلسطین نے عالمی فوجداری عدالت کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین میں اسرائیلی جرائم کی تحقیقات بہت عرصہ پہلے شروع کرنی چاہیے تھیں جب کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہونے اس اقدام کوسچ اور انصاف کے لیے سیاہ دن قراردیا تھا۔واضح رہے کہ عالمی فوجداری عدالت نے فلسطین میں اسرائیل کے جنگی جرائم کی مکمل تحقیقات شروع کرنے کا کہا تھا ۔

تازہ ترین