مسلم لیگ نون کے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے تقریر سے متاثر ہوکر انہیں بلالیا مگر ان کو کیا پتہ تھا یہ ہر بات پر یوٹرن لیتے ہیں۔
سوات میں پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رہنما نون لیگ احسن اقبال نے کہا کہ جھوٹ بول بول کر پاکستان میں انتشار پھیلایا گیا، مسلم لیگ نون کا راستہ روکا گیا ہے۔
احسن اقبال نے حکومت پر تنقید کرتےہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان کا کیا تماشا بن گیا ہے، معیشت کہاں چلی گئی ہے، عمران خان کے چمچے کہتے تھے عمران آئے گا 200 ارب ڈالر لائے گا،جب سےعمران خان کی حکومت آئی تو 3 ہزار ارب کی چوری کیا ختم ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف 3 بار وزیراعظم بن چکا، دوبارہ بننے کی لالچ نہیں، ہم اس لئے کھڑے ہیں کہ اس ملک نے ہمیں نوازا ہے، مہاتیر نے تقریر سے متاثر ہوکر بلالیا انہیں کیا پتہ تھا یہ ہر بات پر یوٹرن لیتے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان فارن فنڈنگ کیس کا حساب اس لئے نہیں دیتا کہ فارن فنڈنگ کے ذریعے عمران خان سے پاکستان کی معیشت کو تباہ کرایا گیا۔
انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ جب سےعمران خان کی حکومت آئی تو 3 ہزار ارب کی چوری کیا ختم ہوگئی ہے؟ اگر ہوگئی ہے تو پیسہ کس کی جیب میں جارہا ہے ؟
رہنما نون لیگ نے کہا کہ یہ نالائق حکمران اب پاکستان کی ترقی کے لئے خطرہ بن چکا ہے۔