• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابر اعظم نے اسمتھ اور کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا

بابر اعظم نے اسمتھ اور کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا


ون ڈے کرکٹ کے بعد ٹیسٹ فارمیٹ میں بھی بابر اعظم اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں اور دنیا کے صف اول کے کھلاڑیوں میں اپنا نام درج کروارہے ہیں۔

سال 2018 اور 2019 کے دوران کھیلے گئے میچز میں بہترین اوسط رکھنے والے کھلاڑیوں میں پہلے نمبر پر آگئے۔

یکم جنوری 2018 سے لے کر اب تک کھیلے گئے میچز کے دوران کم از کم ایک ہزار رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں بابر اعظم کا رن اوسط سب سے زیادہ ہے۔

اس فہرست میں بابر اعظم نے دنیائے کرکٹ کے بڑے نام اسٹیو اسمتھ، ویرات کوہلی، کین ولیمسن اور جو روٹ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

اس عرصے میں پاکستانی مڈل آرڈر بیٹسمین کا رن اوسط 61.60 رہا ہے جبکہ ان کے مقابلے میں اسٹیو اسمتھ 60.00 رن اوسط کے ساتھ دوسرے نمبر ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں کھلاڑیوں کے پاس 2019 کے اختتام سے قبل ایک میچ موجود ہے، جہاں ان دونوں کھلاڑیوں کا بڑا اسکور فہرست پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔

کین ولیمسن اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں جن کا رن اوسط 60.84 ہے اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی 58.60 کی اوسط کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

اس فہرست کے دیگر کھلاڑیوں میں مارنس لبوشین (آسٹریلیا)، ٹام لیتھم (نیوزی لینڈ)، اجنکیا رہانے (بھارت)، دیمتھ کرونارتنے (سری لنکا)، چتیشور پجارا (بھارت)، جو روٹ (انگلینڈ)، کوشل مینڈس (سری لنکا)، بین اسٹوکس (انگلینڈ)، جوز بٹلر (انگلینڈ) اور آئیڈن مارکرم (جنوبی افریقا) شامل ہیں۔

بابر اعظم نے ٹیسٹ کیریئر میں 4 سنچریاں اسکور کیں اور یہ چاروں بڑے اسکور انہوں نے اسی دورانیے کے دوران بنائے۔

انہوں نے سری لنکا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں سنچری بنانے کے بعد کراچی کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی سنچری اسکور کردی۔

دوسری جانب بھارتی کپتان ویرات کوہلی یکم جنوری کے بعد سے لے کر اب تک رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے جنہوں نے 1934 رنز بنائے۔

تازہ ترین
تازہ ترین