کراچی (اسٹاف رپورٹر) 16 سالہ فاسٹ بولر نسیم شاہ اپنی والدہ کا تذکرہ کرتے ہوئے جذبات پر کنٹرول نہ رکھ سکے ۔ والدہ کا تذکرہ ہوئے پہلے آنکھیں نم ہوئیں ،پھر رو دیئے اور پریس کانفرنس ختم کردی۔ نسیم شاہ نے کہا کہ میری والدہ کو کرکٹ کا زیادہ پتہ نہیں تھا لیکن میری کامیابی کے لئے دعائیں کرتی رہتی تھیں۔ میں اپنی پانچ وکٹیں اپنی والدہ کے نام کرنا چاہتا تھا اب جبکہ والدہ نہیں ہیں تو میں اپنی پانچ وکٹیں اپنے نام کے نام کرتا ہوں۔ منگل کو پریس کانفرنس میں کہاآسٹریلیا پہنچے تھے تو ان کے بارے میں بہت کچھ کہا اور لکھا جا چکا تھا ۔ پہلی اننگز میں ناکامی کے بعد وقار یونس نے بتایا کہ بڑا بولر وہی ہوتا ہے جو ناکامی کے بعد کم بیک کرے اور دوسری اننگز میں وکٹ لے جس سے کافی حوصلہ ملا۔ٹی وی پر وسیم اکرم ، وقار یونس اور شعیب اختر کو دیکھا کرتے تھے ، شین بونڈ کی بولنگ دیکھ کر فاسٹ بولر بننے کا شوق ہوا، خوشی ہے کہ ہوم گرائونڈ پر پانچ وکٹ حاصل کیں۔