• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید بینظیر بھٹو کی قربانیوں کی بدولت آج ملک میں جمہوریت ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے 27 دسمبر 2007ء کو لیاقت باغ راولپنڈی میں جام شہادت نوش کیا۔ محترمہ شہید کی ساری زندگی جمہوریت کے فروغ اور اس کی آبیاری اور اپنے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن اور پارٹی کو سنبھالنے اور اسے آگے بڑھانے میں صرف ہوئی۔

محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کی 12ویں برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی قربانیوں کی بدولت ہی آج ملک میں جمہوریت ہے۔ محترمہ شہید نے ملک میں میثاق جمہوریت کی داغ بیل ڈالی اور آج ان ہی کی قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجے میں ملک میں جمہوریت قائم و دائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دختر مشرق شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اسلامی ممالک میں پہلی خاتون وزیراعظم تھیں جنہوں نے اس ملک کی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کیا اور متعدد انقلابی اقدامات کیے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ہی سب سے پہلے تھر کے کوئلے سے استفادہ کرنے کی بات کی کیونکہ انہیں اپنے ملک کی توانائی کی ضروریات کا علم تھا اسی لیے انہوں نے تھر کی ترقی اور اس کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا سوچا، آج الحمد للّٰہ پاکستان پیپلز پارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں شہید بی بی کے اس خواب کو حقیقت کا روپ دیا اور کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا آغاز کرکے اس ملک کے اندھیروں کو دور کیا۔

تازہ ترین