• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع سانگھڑ کی رابطہ سڑکیں زبوں حالی کا شکار،عوام کو مشکلات

کھپرو(نامہ نگار)عوامی نمائندوں کی عدم توجہی اور محکمہ ہائی ویز کی ناقص کارکردگی اور کرپشن کے باعث ضلع سانگھڑ کی تمام رابطہ سڑکیں زبوں حالی کا شکار ہیں ۔جس کی وجہ سے عوام کو آمدورفت میں بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع سانگھڑ کو ملانے والی تمام رابطہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ۔ کیونکہ گزشتہ10برسوں کے دوران سڑکوں کی تعمیراورمرمت پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے۔ جس کے سبب کھپرو سانگھڑ روڈ ، میرپورخاص سانگھڑ روڈ ،شہدادپورسانگھڑ روڈ ،ٹنڈوآدم سانگھڑ روڈ ،جھول سانگھڑ روڈ، نوآباد سانگھڑ روڈ ،کنڈیاری سانگھڑ روڈ، نواب شاہ سانگھڑ روڈ ،چوٹیاری سانگھڑ روڈ ،جام نواز علی سانگھڑ روڈ ،غلام نبی شاہ کھپرو روڈ،  ہتھونگو کھپروروڈ، بھٹ بھائیٹی کھپرو روڈ سمیت دیگر سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہو  چکی ہے۔ اور ان سڑکوں پر بڑے بڑے گڑھے پڑ چکے ہیں اور جگہ جگہ سے سڑک کے پتھر بھی اکھڑ  رہے ہیں ۔ اور کئی جگہ سے مذکورہ  سڑکیں مکمل تباہ چکی ہیں ۔بلکہ بارشوں کے بعد مذکورہ سڑکوں پرسفر کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ اور مختصر فاصلہ بھی کئی گئی گھنٹوں میں طے کرناپڑ رہا ہے ۔ علاوہ ازیں ٹریفک حادثات  میں اضافہ ہو گیا ہےاور کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ لیکن محکمہ ہائی ویز کے حکام اورعلاقے کے منتخب عوامی نمائندوں کو کوئی خیال نہیں آتا۔معلوم ہوا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے ضلع سانگھڑ کی رابطہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے لئے کروڑوں روپے کی رقم ہر سال مختص کی جاتی ہے ۔ لیکن محکمہ ہائی ویز کے حکام اوربعض با اثرافراد آپس میں ملی بھگت کر کے فنڈز خورد برد کر لیتے ہیں۔جسکی وجہ سے ضلع سانگھڑ کی رابطہ سڑکوں کی حالت جوں کی توں ہے ۔علاقے کے سیاسی وعوامی حلقوں نے ضلع سانگھڑ کی رابطہ سڑکوں کی زبوں حالی پر گہری تشویش کا اظہار کر تے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ اور محکمہ ہائی ویز کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع سانگھڑ کی رابطہ سڑکوں کی فوری طور پر تعمیر ومرمت کے لئے  خصوصی فنڈز فراہم کئے جائیں۔   
تازہ ترین