• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

شہباز شریف ،سابق ن لیگی وزیر بلیغ الرحمٰن کے خلاف نیب تحقیقات، مزار قائد کے قریب چائنا کٹنگ کی بھی انکوائری کا حکم

چیئرمین نیب نے مزار قائد کے قریب چائنا کٹنگ کی  انکوائری کا حکم دیدیا 


لاہور، اسلام آباد (نمائندگان جنگ) قومی احتساب بیورو (نیب) ملتان نے چولستان میں 14 ہزار 400 کنال اراضی کی الاٹمنٹ میں بےضابطگیوں پر شہبازشریف، سابق ن لیگی وزیر بلیغ الرحمٰن و دیگر کیخلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر پر الزام ہے کہ متاثرین لال سوہانرا پارک کے نام پر انکو بھی الاٹمنٹ کیا جوپیدا ہی بعد میں ہوئے۔

دوسری جانب چیئرمین نیب نے مزار قائد کے قریب چائنا کٹنگ کی بھی انکوائری کا حکم دے دیا ہے، چیئرمین نے کہا کہ دیکھا جائیگا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے تعمیرات کرنیوالوں اور ملوث افسران کیخلاف کیا کارروائی کی۔ 

تفصیلات کے مطابق چولستان میں 14 ہزار 400 کنال اراضی کی الاٹمنٹ میں بےضابطگیوں پر قومی احتساب بیورو (نیب) ملتان نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ملتان نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، سابق وفاقی وزیر میاں بلیغ الرحمنٰ اور دیگر درجنوں افراد کیخلاف انکوائری کا آغاز کرتے ہوئے چولستان ترقیاتی ادارے سے زمینوں کی الاٹمنٹ کا ریکارڈ طلب کر لیا۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے مئی 2012ء میں لال سوہانرا نیشنل پارک کے 238 متاثرین کو زمین الاٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔الزام ہے کہ متاثرین کو زمین الاٹ کرتے ہوئے پنجاب حکومت نے کئی بوگس نام بھی شامل کر دئیے۔ 

بعض الاٹیوں کی تاریخ پیدائش پارک بننے کے کئی سال بعد کی ہے۔ الاٹمنٹ میں ان مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایت پر نیب نے شہباز شریف، بلیغ الرحمنٰ، سابق جنرل سیکرٹری ہائیکورٹ بار چوہدری عمر محمود ایڈووکیٹ اور دیگر افراد کے خلاف انکوائری کا حکم دیا تھا۔ 

ادھر قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کراچی میں قائد اعظم محمد علی جنا ح کے مزار کے سامنے اور ارد گرد چائنا کٹنگ خصوصاً کاسمو پولیٹن سوسائٹی کراچی کی طر ف سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کراچی کے بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کرنے کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب کراچی کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ 

نیب اعلامیہ کے مطابق تحقیقات میں مزار قائد مینجمنٹ سوسائٹی کا کردار بھی دیکھا جائیگا کہ اس نے مزار قائدکراچی کے سامنے مبینہ چائنہ کٹنگ اور غیر قانونی طو ر پر تعمیرات کرنے کے بارے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کراچی کو آگاہ کیوں نہیں کیا اس کے علاوہ مزار قائد کے سامنے اور اردگرد مبینہ چائنہ کٹنگ اور غیر قانونی تعمیرات کرنیوالوں کیخلاف سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کراچی نے قانون کے مطابق کیا کارروائی کی، سندھ بلدنگ کنٹرول اتھارٹی کراچی کے ذمہ دار افسران واہلکاروں کا تعین کرکے کیا محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی؟

تازہ ترین