اسلام آباد /کراچی /رحیم یار خان (آئی این پی )متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو بلاول بھٹو زرداری کی پیشکش پر سیاسی ایوانوں میں ہلچل مچ گئی ہے،وزیراعظم عمران خان نے حکومتی رابطہ کمیٹی کو متحدہ قیادت سے ملنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ کے تحفظات دور کئے جائیں، ذرائع کاکہناہےکہ حکومتی ٹیم رواں ہفتے ایم کیو ایم قیادت سے ملے گی ،دوسری جانب گورنر سندھ نے بھی کراچی بحالی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔ بلاول بھٹو کی پیشکش اور متحدہ کے جواب کے بعد وزیراعظم عمران خان بھی حرکت میں آگئے اور ان کی ہدایت پر جہانگیر ترین کی قیادت میں حکومتی ٹیم رواں ہفتے ہی ایم کیو ایم قیادت سے ملے گی،ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں متحدہ کے تحفظات کا جائزہ لیا جائے گا اور ایم کیو ایم کے مطالبات،گمشدہ کارکنوں اور ترقیاتی فنڈز کے اجرا پر بھی بات ہوگی۔ رحیم یار خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کا پیپلز پارٹی کے ساتھ تجربہ اچھا نہیں رہا اس لیے میرا خیال ہے کہ ایم کیوایم پیپلز پارٹی کا ساتھ نہیں دے گی، سندھ حکومت پوری طرح فیل ہوچکی ہے،کراچی کا بالکل خیال نہیں رکھتی۔ دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی یکم جنوری کو کراچی بحالی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔