راولپنڈی ....راولپنڈی کے فائیو اسٹار ہوٹل میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ، آر پی او راولپنڈی کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی جبکہ ڈی سی او نےکہا کہ ہوٹل میں آگ بجھانے کے ناقص انتظامات کی تحقیقات کی جائے گی ۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ عمارت کے بیسمنٹ میں واقع فنانس سیکشن میں لگی، جس سے تمام ریکارڈ جل گیا ہے،ادھر آر پی او راولپنڈی نے کہا کہ ہوٹل میں لگنے والی آگ کی تاحال کوئی وجہ سامنے نہ آسکی جبکہ ڈی سی او نے کہا کہ ہوٹل میں آگ پر قابو پانے کے ناقص انتظامات کی تحقیقات کی جائے گی ۔
راولپنڈی کے پی سی ہوٹل انتظامیہ کے مطابق آتشزدگی کے بعد ہوٹل میں پھنسے 165 افراد کو بحفاظت نکال کر دیگر ہوٹل میں منتقل کیا جارہا ہے ۔
عینی شاہدین کے مطابق ہوٹل کی نچلی منزلوں پرلگی آگ کا دھواںتیسری ، چوتھی اور پانچویں منزل تک بھرگیا،جس کے باعث بڑی تعداد میں لوگ ہوٹل میں پھنس گئے، ان میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، فائر بریگیڈ کا عملہ بھی تاخیر سے پہنچا۔
عینی شاہدین نے بتایا ہوٹل میں آگ بجھانے کے ناکافی انتظامات تھے ، انتظامیہ کہیں نظر نہ آئی، ریسکیواہلکاروں نے کھڑکیو ں پر لٹکے لوگوں کو نکالا۔ عینی شاہدین نے شکوہ کیا کہ آگ لگی تو انتظامیہ نے بروقت آگاہ نہیں کیا اور نہ ہی فائر الارم بجا۔
پولیس کا کہنا ہے آگ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، ریسکیوکی 4 اورکنٹونمنٹ بورڈکی 3 گاڑیاں آگ بجھانےمیں مصروف رہیں۔