لاہور(این این آئی)جسٹس مامون رشیدشیخ نے لاہور ہائیکورٹ کے49ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔گورنر ہاؤس لاہور کے دربار ہال میں منعقدہ تقریب میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جسٹس مامون رشید سے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب حلف برداری کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزراء، لاہور ہائیکورٹ کے ججز صاحبان،لاء افسران، اٹارنی جنرل آف پاکستان، چیف سیکرٹری پنجاب ،انسپکٹر جنرل پولیس، بارز کے عہدیداران نے شرکت کی۔بعد ازاں جسٹس مامون رشید کا لاہور ہائیکورٹ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا جبکہ چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس مامون رشید شیخ نے ججز لائونج میں لاہور ہائیکورٹ کے ججز صاحبان سے ملاقات کی۔جسٹس مامون رشید شیخ 18 مارچ 2020 کو ریٹائر ہوجائینگے۔ جسٹس مامون رشید شیخ کے بعد جسٹس قاسم خان لاہور ہائیکورٹ میں سب سے سینئر جج بن گئے ہیں اور وہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے پر ایک برس اور 4 ماہ کی مدت تک اپنے فرائض انجام دینگے۔