• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پبلک ٹرانسپورٹ اینڈ گڈز الائنس کی پہیہ جام ہڑتال


وزارت مواصلات کی جانب سےٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرجرمانوں میں بھاری اضافے کے خلاف لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ اینڈ گڈز الائنس نے آج سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال شروع کر دی ہے۔

ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھاری جرمانوں کے خلاف بس اڈوں سے ٹرانسپورٹ مکمل بند کردی ہے جس کے باعث مسافر سخت مشکل سے دوچار ہیں۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے جرمانوں میں اضافے کا فیصلہ موخر کرنے تک ہڑتال جاری رہے گی۔

چیئرمین ٹرانسپورٹرز الائنس عصمت اللہ نیازی کے مطابق لاہور میں ٹرانسپورٹرز نے بادامی باغ سمیت دیگر علاقوں میں گاڑیاں بند کردی ہیں، جبکہ مطالبات کے حق میں آج مال روڈ پر ریلی بھی نکالی جائے گی۔

اس موقع پر لاہور پولیس کی جانب سے مال روڈ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں

ٹرانسپورٹرز کا مطالبہ ہے کہ ایک بیٹ میں چالان ہونے پر دوبارہ چالان نہ کیا جائے، ناجائز اور اضافی ٹول پلازے ختم کیے جائیں ،جبکہ نیشنل ہائی ویز پر پارکنگ فیس کا اجراء فوری بند کیا جائے۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ روٹ پرمٹ کے پرانے طریقہ کار کو بحال کیا جائے، ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا طریقہ کار آسان بنایا جائے اور ٹرانسپورٹ انڈسٹری کے متعلق قانون سازی میں نمائندہ تنظیموں کو شامل کیا جائے۔

دوسری جانب مسافروں کا کہنا ہے کہ حکومت جلد ازجلد ٹرانسپورٹرز کے ساتھ معاملات حل کرے تاکہ مسافروں کی پریشانی ختم ہو۔

تازہ ترین