• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جونیئر ہاکی ورلڈکپ تک رسائی ہدف ہے، ہیڈ کوچ دانش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ سابق اولمپئن دانش کلیم نے کہا ہے کہ ہمارا ٹارگٹ جونیئر ایشیا کپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنا ہے تاکہ جونیئر ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کرسکیں، جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کے مفاد میں عہدہ قبول کیا ہے، بلیک میلنگ کے الزامات لگانے والے صرف تنقید کررہے ہیں، ملک میں ہاکی اس وقت مشکلات سے دوچار ہے جس کو بحران سے نکالنے کے لئے تمام کھلاڑیوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ملک کی خدمت ہم پر قرض ہے۔ جونیئر ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم ہالینڈ اور جرمنی کا تربیتی دورہ کرے گی جس کے انتظامات کرنے میں فیڈریشن مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر ٹیم مارچ میں عمان میں ہونے والے جونیئر ہاکی ایونٹ میں حصہ لے گی، ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں تجربے کار کوچز شامل ہیں، محمد عمران قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان رہ چکے ہیں، اس کے علاوہ انہیں آرمی اور ماری گیس ٹیم کی کوچنگ کا بھی اعزاز حاصل ہے، مدثر علی بھی ماضی میں جونیئر ہاکی ٹیم کے ساتھ بطور کوچ فرائض انجام دے چکے ہیں۔12جنوری سے شروع ہونے والے تربیتی کیمپ میں پہلے مرحلے میں 55 کھلاڑیوں کو مدعو کیا ہے دو ہفتے کے کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس اور اسکل کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک سال میں مضبوط جونیئر ٹیم تشکیل دینے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

تازہ ترین