• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارلیمنٹ سلیکٹڈ، کوئی آئینی و جمہوری قدم نہیں اٹھا سکتی، محمود اچکزئی

کوئٹہ(نمائندہ جنگ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ موجودہ پارلیمنٹ زر اور زور کے ذریعے قائم کی گئی ہے جو سلیکٹڈ ہے اس کے پاس کوئی اختیارات نہیں وہ کوئی بھی آئینی اور جمہوری اقدام نہیں اٹھاسکتی۔

ہم سیاسی جماعتوں سے کہتے ہیں کہ مصلحت پسندی نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے یہ سلسلے مزید جاری نہیں رہ سکتے، سیاسی جماعتیں ملک کو جمہوری انداز میں چلائیں تاریخ بے رحم ہے اگر کسی سیاسی جماعت نے اس موقع پر کوئی غلطی کی تو تاریخ اسے معاف نہیں کرے گی۔

کسی بات کو انا کا مسئلہ نہ بنایا جائے کسی بھی عہدے پر آنے والے مدت پوری کرنے کے بعدچلےجائیں۔ 

اتوار کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کرتے ہوئے محمودخان اچکزئی نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی اپنے قیام سے اب تک ون مین ون ووٹ کے علاوہ جمہوریت کے استحکام ، پارلیمنٹ کی بالادستی ، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی کے لئے آواز بلند کرتی رہی ہے ، یہی وجہ ہے کہ ہمیں ہر دور میں تکالیف ، مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ 

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے حالات انتہائی مخدوش ہیں ایسے میں ہمیں 20 کروڑ عوام پر بھروسہ کرنا چاہئے عوام پر بھروسہ نہ کیے جانے کے باعث ملک دولخت ہوا۔

آئین میں تمام اداروں کی حدود کا تعین کیا گیا ہے اگرکوئی بھی ادارہ اپنے حدود سے تجاوز کرتا ہے تو اس کو روکنا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔ 

1973 کے آئین کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے تحت اپنے عہدوں کا حلف اٹھانے والوں کو اس کی پاسداری کرنی چاہیے، آئین کے آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی کرنے پر سنگین غداری کی کارروائی آئینی تقاضہ ہے۔

تازہ ترین