آپ کا انٹیریئر چاہے کتنا ہی عالیشان، خوبصورت اور دلکش کیوں نہ ہو، یہ گھر کی قدر وقیمت میں اضافے کا سبب اس وقت تک نہیں بن سکتا، جب تک آپ گھر کے ایکسٹیریئر پر مناسب توجہ نہ دے لیں۔ ایکسٹیریئر کا ڈیزائن جتنا جدید اور تخیل سے ہم آہنگ ہوگا، اتنا ہی آپ کے گھر کی قدر وقیمت بڑھے گی۔ نت نئے ٹرینڈز کو فالو کرنے والوں کی بڑی تعداد مقبول و معروف ٹرینڈز کی تلاش میں سرگرداں نظرآتی ہے۔
اگر آپ بھی اپنے گھر کی تعمیر یا تزئین و آرائش کے لیے کچھ نئے ٹرینڈز کی تلاش میں ہیں تو ایکسٹیریئر کے اُن مقبول ٹرینڈز پر غور کیجیے، جو کینیڈا کی معروف کمپنی کی جانب سے نئے سال کی آمد پرجاری کیے گئے ہیں۔ چونکہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد مشرقی طرز کے ساتھ مغربی طرز پربھی گھروں کی تعمیر میں خاصی دلچسپی رکھتی ہے، لہٰذاہمیں امید ہے کہ یہ ٹرینڈز آپ کےگھر کو جنت کدہ بنانے میں پیش پیش رہیں گے۔
گہرے رنگوں کا امتزاج
کمپنی کےمطابق ایکسٹیریئر ڈیزائننگ کے لیے رواں برس ہلکے اور گہرے رنگوں کے بجائے، دوگہرے رنگوں کے امتزاج کو اپنانے پر غور کیا جائےگا۔ آپ بھی اپنے گھر کی تزئین و آرائش کروانے کے دوران دوگہرے رنگوں کے ملاپ کے ذریعے اپنے گھر کوبہترین اور جدید وضع دے سکتے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جو شیڈز جاری کیے گئے ہیں، انہیں شیڈز آف چارکول سے تشبیہ دی جارہی ہے۔ مثلا ً گہرے سیاہ رنگ کے ساتھ گہرے نیلے رنگ کا خوبصورت امتزاج یا پھر گہرے سبز رنگ کے ہمراہ گہرا سرخ رنگ یا اس طرح کے دیگر خوبصورت اور گہرے رنگوں کے امتزاج سے ایکسٹیریئر کی شان بڑھائی جاسکتی ہے۔
کلاسک کلرز پیلیٹ
’کلاسک کلرز پیلیٹ‘سے مراد ایسے دو رنگوں کا مجموعہ ہے، جو گھر کو کلاسک ٹچ دینے کے علاوہ گھر کے بیرونی حصے کی کشادگی اور دلکشی میں بھی اضافہ کرے گا۔ اس ٹرینڈکے تحت ایکسٹیریئر کے لیے دو غیر جانبدارانہ رنگوں کا استعمال زیادہ مقبول ہوجائے گا۔
ان رنگوں میں سفید رنگ کو خاص اہمیت حاصل ہوگی۔ سفید کے ہمراہ سرمئی رنگ کا امتزاج آپ کے ایکسٹیریئر کے ساتھ پورے ماحول کو ایک خاص انداز فراہم کرے گا۔ سرمئی رنگ کے ساتھ نیلے رنگ کا امتزاج بھی پرسکون اور متاثر کن انتخاب ثابت ہوتا ہے۔
آؤٹ ڈور کچن
کمپنی کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس آؤٹ ڈور لیونگ ایریا خاصی توجہ کا مرکز رہا ہے۔ اسی طرح رواں برس بھی آؤٹ ڈور کچن کی اہمیت ایک مقبول ٹرینڈ کی صورت اختیار کرجائے گی۔ لحاظہ گھر کے بیرونی حصے میں کچن کے لیے تھوڑی سی جگہ نکال کر اس ٹرینڈ کو خوبصورتی کے ساتھ اپنایا جاسکتا ہے۔
آپ کا آؤٹ ڈورکچن ایک طرف پُر امن اور متاثر کن انٹرٹینمنٹ یا ڈائننگ ایریا کی صورت اختیار کرسکتا ہے تو دوسری طرف اندرونی حصے میں بنے کچن میں جگہ کی کمی کےمسئلے کا حل ثابت ہوسکتا ہے۔
اسپا کی خصوصیات
روح کو آسودگی اور جسمانی تروتازگی دینے والے عناصر جیسے کہ یوگا، مراقبہ یا اسپا کیلئے ہرے بھرے ماحول کا استعمال بڑھ رہا ہے، چنانچہ یہ صورت رواں برس بیرونی حصے کے استعمال میں ایک نیا اضافہ ثابت ہوگی۔ آپ اپنے آؤٹ ڈور گارڈن میں یوگا یا پھر مراقبہ کرنے کیلئے کوئی خاص جگہ مختص کرسکتے ہیں، دوسری جانب اس حصے میں واٹر فیچر ز کے ذریعے گرتے پانی کی کانوں میں پڑتی مسحور کن آواز نہ صرف ذہنی بلکہ جسمانی صحت کیلئے کئی طرح سے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ ماہرین کی رائے ہے کہ گرتے پانی کی آواز ہوا کا معیار بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے، جو صحت مند جسم اور صحت مند دماغ کیلئے ضروری ہے۔
آؤٹ ڈور ورکنگ ایریا
آؤٹ ڈور ورکنگ ایریا سے مراد گیراج، اسٹوریج یا گھر کا عقبی حصہ ہے، جس میں خوبصورت رنگوں کا اضافہ کرکے ایکسٹیریئر کو ایک نیا انداز دیا جاسکتا ہے۔ گیراج کے دروازوں کے نت نئے ڈیزائن، کھڑکیوں کے جدید انداز حتیٰ کہ برڈ ہاؤسز کے لیے خوبصورت رنگ وروغن، گھر کے اندرونی حصے میں داخلے سے قبل ہی دلکشی کاسبب بنتے ہیں۔
دوسری جانب رواں سال آؤٹ ڈور کی جانب کھلنے والی تمام کھڑکیوں کے ڈیزائن میں نمایاں تبدیلی کی توقع بھی کی جارہی ہے۔ آؤٹ ڈورورکنگ ایریا کو دلکش بناکر گھر کو ایک خوبصورت انداز دیا جا سکتا ہے ، جو نہ صرف آپ کے لئے بلکہ آپ کے گھر آنے والوں کے لئے بھی خوشنما احساس کا باعث بنے گا۔